رانی عندلیب
لیڈی ریڈنگ ہسپتال (LRH) پشاور کے سابق پروفیسر اور ای این ٹی کے معروف ماہر ڈاکٹر بخت زادہ نے 4,000 سے زائد تھائرائیڈ آپریشنز مکمل کر کے اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
اس دوران انہوں نے ایک ہی دن میں 23 تھائرائیڈ کینسرکےپیچیدہ آپریشنز کر کے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے جس کے بعد ان کے اس کارنامے کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر بخت زادہ نے کینسر کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی تھائرائیڈ کینسر کا تمام علاج اور آپریشنز مکمل طور پر مفت شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اسلام آباد میں “زادہ فاؤنڈیشن” کے تحت ایک چیریٹی ہسپتال قائم کیا ہےجس کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بہت جلد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر بخت زادہ نے یہ کامیاب جراحیاں ملک کے ممتاز طبی اداروں بشمول قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور فاروق ہسپتال (لاہور و اسلام آباد) میں انجام دی ہیں۔ ان کی اس کامیابی کے باعث پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا سمیت بیرونِ ملک سے بھی مریض آن لائن رابطے کے ذریعے آپریشنز کے لیے بکنگ کروا رہے ہیں۔
ڈاکٹر بخت زادہ کے مطابق اس چیریٹی ہسپتال کا بنیادی مقصد غریب اور نادار مریضوں کو کینسر جیسے مہلک اور مہنگے علاج کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مالی وسائل کی کمی کسی کی زندگی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔





