خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن اور شمس القمر فاؤنڈیشن کے باہمی تعاون سےشمس القمر پی ایس اے سیٹلائٹ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 20 سے 24 اگست تک پشاور میں منعقد ہو رہی ہے۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر کے 32 بہترین کھلاڑی ایک ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم اور پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (PSA) کے عالمی رینکنگ پوائنٹس کے لیے پنجہ آزمائی کریں گے۔
پانچ روزہ ایونٹ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 20 اگست کو ہوگی جبکہ مین ڈرا اور ناک آؤٹ راؤنڈز 20 سے 23 اگست تک کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کا فائنل معرکہ اور اختتامی تقریب 24 اگست کو منعقد کی جائے گی۔
اس موقع پر سابق عالمی نمبر ایک اور اسکواش لیجنڈ قمر زمان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلوں سے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور کی اسکواش میں ایک تاریخ ہے اور ایسے مقابلے خیبرپختونخوا کی عالمی اسکواش میں روایتی حیثیت کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے سابق پروفیسرڈاکٹر بخت زادہ نے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا
ٹورنامنٹ کے منتظمین نے کھیلوں کے شائقین اور میڈیا نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایونٹ میں بھرپور شرکت کریں۔





