ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی مالیاتی رپورٹ جاری: ششماہی منافع میں 2.27 گنا ریکارڈ اضافہ

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق بینک نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں 8.26 ارب روپے کا قبل از ٹیکس اور 5.78 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے۔

ترجمان بینک کے مطابق گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں قبل از ٹیکس منافع میں 2.27 گنا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران فی شیئر آمدن 9.61 روپے ریکارڈ کی گئی۔ مالی کارکردگی میں اس بڑی پیش رفت کی بنیادی وجوہات صارفین کی تعداد اور لین دین کے حجم میں اضافہ، بنیادی کاروباری شعبوں کی ترقی، اور افرادی قوت و ڈیجیٹل جدت میں مسلسل سرمایہ کاری ہے۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق بینک کی مجموعی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 30.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خالص مارک اپ آمدن 32.46 فیصد بڑھی ہے۔ اسی طرح فیس پر مبنی آمدن میں 28.34 فیصد اضافہ ہوا جس کی بڑی وجہ ادائیگیوں، ڈسبرسمنٹس اور انشورنس پروڈکٹس سے حاصل ہونے والی رقم ہے۔

30 جون 2026 تک بینک کے مجموعی اثاثوں کا حجم 232.58 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ صارفین کے ڈپازٹس میں سالانہ 67.37 فیصد کے بڑے اضافے کے ساتھ یہ رقم 158.58 ارب روپے ہو گئی ہے۔ بینک کا مجموعی قرضہ جات کا پورٹ فولیو 31.11 ارب روپے رہا۔

یہ بھی پڑھیں : اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،گندم اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

اثاثوں کی کوالٹی، مضبوط سرمایہ جاتی پوزیشن اور 23.75 فیصد کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی پاکرا نے یکم جولائی 2026 کو ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی لانگ ٹرم ریٹنگ اپ گریڈ کر کے -AA کر دی ہے۔

Scroll to Top