ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کےلیے ای پنشن پورٹل متعارف

پاکستان میں ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری ملازمین کے لیے پنشن کا حصول ہمیشہ سے ایک دفتری اور تھکا دینے والا عمل رہا ہے، جس کے لیے بزرگ پنشنرز کو مہینوں دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے۔ تاہم اب حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (AGPR) نے پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرتے ہوئے ای پنشن پورٹل متعارف کرا دیا ہے۔

اس جدید ڈیجیٹل سسٹم کا بنیادی مقصد پنشنرز کو طویل قطاروں اور خواری سے بچانا اور ان کے کیسز کو دنوں میں حل کرنا ہے۔

نئے پورٹل کے تحت ملازمین اب گھر بیٹھے اپنے پنشن کیس کی موجودہ صورتحال کو آن لائن ٹریک کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پنشن کی رقم نیشنل بینک کی مخصوص برانچ کے بجائے ملازم کے کسی بھی کمرشل بینک اکاؤنٹ میں براہ راست منتقل کی جائے گی۔

سسٹم میں بائیو میٹرک تصدیق کا نیا طریقہ کار بھی شامل کیا گیا ہے۔ ماضی میں سال میں دو بار لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لیے بینک جانے کی شرط کو اب بائیو میٹرک سے بدل دیا گیا ہے۔

پنشنرز ہر چھ ماہ بعد کسی بھی قریبی بینک برانچ یا بائیو میٹرک اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ مزید برآں حکومت ایسی موبائل ایپس پر بھی کام کر رہی ہے جس سے پنشنرز اپنے فون کیمرے کے ذریعے چہرے یا انگلیوں کو اسکین کر کے گھر بیٹھے تصدیق کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ مقررہ وقت کے اندر بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہ کرنے کی صورت میں پنشن اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک کر دیا جائے گا،جو دوبارہ تصدیق پر بحال ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈمارشل سید عاصم منیر سے کویتی وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعلقات مذیدمضبوط بنانے پر اتفاق

ای پنشن پورٹل پر رجسٹریشن کے لیے ملازم کو ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے متعلقہ محکمہ کے ذریعے ڈیجیٹل پورٹل پر ڈیٹا اپ لوڈ کروانا ہوگا۔ اس عمل کے لیے قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور فعال موبائل نمبر لازمی ہے جس کی تکمیل پر ملازم کو ایک مخصوص پنشن آئی ڈی جاری کی جائے گی۔

Scroll to Top