عمران خان کے بیٹے جھوٹ بول رہے ہیں، جیل میں ہر سہولت موجود ہے، اسکائی اسپورٹس کے انٹرویو پر سیاسی رہنما برہم

لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران اسکائی اسپورٹس پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کے انٹرویو نے کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی۔

انٹرویو پر حکومتی رہنماؤں اور مختلف شخصیات کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے میدان اور کھیلوں کی کوریج کو سیاسی تنازعات سے دور رکھا جانا چاہیے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے حوالے سے ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں مختلف سہولیات حاصل ہیں اور ان کی صحت بھی بہتر ہے۔

ناصر بٹ نے عمران خان کے بیٹوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر بیانات دینے کے بجائے انہیں اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے ملاقات ،بڑی پیش رفت سامنے آگئی

شائستہ جدون نے بھی کھیل کے دوران سیاسی نوعیت کے انٹرویوز نشر کرنے پر اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ کی کوریج کے دوران توجہ کھیل پر مرکوز ہونی چاہیے، جبکہ پاکستان کو پہلے ہی متعدد سماجی مسائل کا سامنا ہے۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار عمار مسعود نے بھی اسکائی اسپورٹس پر نشر ہونے والے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو ایسے وقت میں نشر ہونا ایک خاص مہم کا حصہ محسوس ہوتا ہے۔

عمار مسعود نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کے بیٹے اپنے والد سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان آنا چاہیے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کی بنیاد پر پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے معطل کرنے کے مطالبے کو بھی تشویشناک قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کرنے پر پی سی بی نے اسکائی اسپورٹس کو شکایت کردی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ یا اس کی قیادت پر تنقید کی جا سکتی ہے، تاہم اپنے ہی ملک کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش قابل قبول نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسکائی نیوز کی کوریج پر سوال اٹھاتے ہوئے صہیونی لابی کے کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’عمران خان پروجیکٹ‘ کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خواجہ آصف نے ایک اور بیان میں اسکائی نیوز سے سوال کیا کہ کیا وہ غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے بچوں کے انٹرویوز بھی نشر کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ بریک کے دوران عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ شکایت کی ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق پی سی بی نے اسکائی اسپورٹس کے خلاف شکایت عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کے انٹرویو کی نشریات پر درج کرائی، جو لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کی پہلے روز کی کوریج کے دوران نشر کیا گیا تھا۔

Scroll to Top