رجسٹریشن آف ڈیڈز (ROD) پورٹل کے ذریعے شہری اپنی رجسٹری کی کاپی آن لائن تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔ پورٹل پر رجسٹری تلاش کرنے اور حاصل کرنے کا طریقہ انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔
رجسٹری تلاش کرنے کے لیے سب سے پہلے متعلقہ ضلع اور تحصیل کا انتخاب کرنا ہوگا، جس کے بعد درج ذیل میں سے کسی ایک ذریعے سے ریکارڈ تلاش کیا جا سکتا ہے۔
شناختی کارڈ نمبر (خریدار، بیچنے والا یا کمیشن)، نام (خریدار، بیچنے والا یا کمیشن) یا رجسٹری نمبر۔ مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد تلاش کریں کے بٹن پر کلک کیا جا سکتا ہے۔
پورٹل پر دستیاب ریکارڈ ضلعی رجسٹری ریکارڈز کے اسکین شدہ ڈیٹا سیٹس پر مشتمل ہیں۔ اگر کسی شہری کی رجسٹری پورٹل پر موجود نہ ہو تو وہ پورٹل کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے۔
رجسٹریشن کا طریقہ
پورٹل پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے لاگ اِن پیج پر جائیں۔ اگر پہلے سے رجسٹرڈ نہیں ہیں تو رجسٹر کریں کے بٹن پر کلک کرکے درست ای میل آئی ڈی درج کریں۔
اس کے بعد اکاؤنٹ فعال کرنے کے لیے تصدیقی ای میل موصول ہوگی۔ تصدیقی لنک پر کلک کرنے کے بعد اکاؤنٹ فعال ہو جائے گا، جس کے بعد صارف لاگ اِن کرکے رجسٹری تلاش اور اس کی تفصیلات دیکھ سکتا ہے۔
ادائیگی کا طریقہ
رجسٹری پرنٹ کرنے کے عمل کے دوران صارف کو چالان نمبر اور PSID فراہم کیا جائے گا۔ PSID کے ذریعے موبائل ایپ، جیسے جاز کیش اور ایزی پیسہ، سے چالان کی ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ ادائیگی مکمل ہونے کے بعد رجسٹری کی کاپی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
پورٹل انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام معلومات درست فراہم کریں۔
غلط یا جعلی معلومات استعمال کرنے کی صورت میں اکاؤنٹ بلاک کیا جا سکتا ہے، جبکہ تمام ادائیگیاں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ہوں گی۔





