امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے سعودی عرب کو 48 جدید ایف 35 سٹیلتھ جنگی طیاروں اور متعلقہ آلات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 24.3 ارب ڈالر کی اس مجوزہ فروخت میں 48 طیارے اور 49 پراٹ اینڈ وٹنی انجنوں کے ساتھ ساتھ مواصلاتی آلات، پرزہ جات اور دیگر سامان بھی شامل ہوگا۔
بیان میں کہا کہ ’یہ مجوزہ فروخت سعودی عرب کے ملکی دفاع کو مضبوط بنا کر موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ امریکی افواج کے ساتھ باہمی ہم آہنگی اور تعاون میں بھی اضافہ کرے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا سعودی عرب کے دفاع کے لیے ’’کسی بھی حد تک‘‘ جانے کے عزم کا اعادہ
یاد رہے سعودی عرب نے سال 2025ء کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے براہ راست درخواست کی تھی کہ اسے جدید ایف 35 طیارے فروخت کیے جائیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے سعودی عرب کو ایف 35 طیاروں کی فروخت پر اسرائیل کی جانب سے واضح طور پر مخالفت کی جاتی رہی ہے کیونکہ اسرائیلی حکام کو تشویش رہی ہےکہ امریکا کا یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی فوجی برتری کو کمزور کرسکتا ہے۔
اب تک اسرائیل ان 19 ممالک میں شامل ہے جن کے پاس یا تو ایف35 طیارے موجود ہیں یا انہوں نے اسے خریدنے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔





