واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین ٹائپ کرنے کے بجائے بول کر اپنے پیغامات تحریری شکل میں تیار کرکے بھیج سکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارف کو آڈیو ریکارڈ کرکے وائس میسج بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنا پیغام بولے گا اور واٹس ایپ اسے تحریری متن میں تبدیل کردے گا۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.37.8 میں دیکھا گیا ہے، تاہم ابھی یہ تیاری کے مرحلے میں ہے اور بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی دستیاب نہیں کیا گیا۔
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کے اس فیچر میں چیٹ بار کے اندر ایک مخصوص بٹن شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ بٹن دبانے کے بعد صارف اپنا پیغام بول سکے گا، جبکہ اس دوران اسکرین پر Listening یعنی سن رہا ہے کا اشارہ نظر آئے گا۔
آواز کو تحریری متن میں تبدیل کرنے کے بعد صارف کو پیغام بھیجنے سے پہلے اس کا جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق تبدیلی کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے بعد Send بٹن دبا کر پیغام بھیجا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے قومی بچت کی اہم اسکیموں کے منافع کی شرح کم کردی
ایک رپورٹ کے مطابق یہ سہولت انفرادی چیٹس کے علاوہ گروپس اور چینلز میں بھی کام کرے گی۔ اس طریقے سے بھیجے گئے پیغام میں وصول کنندہ کو صرف تحریری متن موصول ہوگا، اصل آڈیو ریکارڈنگ نہیں بھیجی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ اس فیچر کے لیے مقامی طور پر ڈیوائس میں ڈاؤن لوڈ کیے گئے لینگویج پیکس استعمال کرسکتا ہے۔ مطلوبہ زبان کا پیک ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد صارف انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی بول کر پیغام لکھوانے کے قابل ہوسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بولے گئے مواد کو براہ راست ڈیوائس پر پروسیس کرنے کا طریقہ اختیار کیے جانے کی توقع ہے۔ یہ نظام واٹس ایپ کے موجودہ وائس میسج ٹرانسکرپشن فیچر سے بھی منسلک ہے، جو لینگویج پیکس کے ذریعے ٹرانسکرپشن کو ڈیوائس پر مقامی طور پر پروسیس کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
واٹس ایپ نے تاحال یہ اعلان نہیں کیا کہ وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔ اسی طرح چیٹ بار میں فیچر کے موجودہ مقام میں بھی حتمی لانچ سے قبل تبدیلی ممکن ہے، کیونکہ کمپنی تجرباتی فیچرز کی تیاری کے دوران ان کے ڈیزائن اور جگہ میں تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔
فی الحال یہ ٹول تجرباتی مرحلے میں ہے اور یہ بھی واضح نہیں کہ واٹس ایپ مستقبل میں اسے تمام صارفین کے لیے باضابطہ طور پر دستیاب کرے گا یا نہیں۔





