محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق آج 20 ستمبر 2026 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، کوہستان، مانسہرہ، سوات اور دیر میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے استور، داریل، دیامر اور تانگیر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ موجودہ صورتحال کے تحت بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ موجود ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں موسمی کم دباؤ برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 ستمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں نیا موسمی اثر سامنے آسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم خبر، پیغام لکھنے کا نیا طریقہ سامنے آگیا
اس دوران ان علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
25 ستمبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ہفتہ وار آؤٹ لک کے مطابق 24 ستمبر سے ملک کے بالائی علاقوں کو ایک نیا مغربی ہوائی سلسلہ متاثر کرسکتا ہے، تاہم 20 سے 26 ستمبر کے دوران مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔





