کاشف عزیز
پشاور: پشاور کے رنگ روڈ پر فوجی کار سنٹر کے قریب منشیات سمگلروں نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اے این ایف کے اے ڈی وقاص، ڈی ایس پی کندھے پر معمولی زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اے این ایف اہلکاروں نے باڑہ سے آنے والی ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اے این ایف اسکواڈ نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا۔
تعاقب کے دوران ملزمان رنگ روڈ پر واقع ایک ورکشاپ میں داخل ہوگئے۔ اس دوران ملزمان کی جانب سے اے این ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اے ڈی وقاص، ڈی ایس پی کے کندھے پر معمولی چوٹ آئی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری
زخمی افسر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان گاڑی اور اس میں موجود منشیات چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اے این ایف نے مشکوک گاڑی کو قبضے میں لے لیا جبکہ اس میں موجود منشیات بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پشتخرہ پولیس اور اے این ایف کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے میں ملزمان کی تلاش اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔
پولیس اور اے این ایف حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔





