مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور چیٹ جی پی ٹی کی مسلسل پیش رفت نے قانون کے میدان میں بھی ایک نیا انقلاب برپا کر دیا ہے۔
برطانیہ میں ایک شہری نے مصنوعی ذہانت کے اس جدید ترین ماڈل کو اپنا قانونی معاون بناتے ہوئے تین سال سے جاری ایک طویل اور پیچیدہ قانونی جنگ جیت لی ہے جس کے نتیجے میں عدالت میں باقاعدہ سماعت شروع ہونے سے پہلے ہی اس کے خلاف عائد 300 پاؤنڈ کا ٹریفک چالان منسوخ کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اگست 2023 میں اس وقت پیش آیا جب انگلینڈ کی کاؤنٹی ایسیکس سے تعلق رکھنے والے رافال گورفال کو پارکنگ فیس بروقت جمع نہ کروانے کی پاداش میں 100 پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
رافال گورفال نے اس حوالے سے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وقت پر ہی پارکنگ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے مشین کی طرف گئے تھے لیکن وہاں ادائیگی کے لیے پہلے سے شہریوں کی ایک لمبی قطار موجود تھی جس کی وجہ سے انہیں منٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔
جب ان کی باری آئی تو ان پر انکشاف ہوا کہ وہ مشین صرف نقد رقم (کیش) قبول کرتی ہے اور اس میں کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا۔
اس تکنیکی اور انتظامی خرابی کی وجہ سے جب رافال گورفال کو جرمانے کا نوٹس ملا تو انہوں نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا جس پر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ جرمانہ بڑھتا ہوا 300 پاؤنڈ تک جا پہنچا اور معاملہ کاؤنٹی کورٹ تک چلا گیا۔
کسی وکیل کی بھاری فیسیں بھرنے کے بجائے رافال گورفال نے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیا۔
انہوں نے تمام تر حقائق اور مشین کی خرابی و قطار کے حالات چیٹ جی پی ٹی کے سامنے رکھے اور قانونی نکات پر مبنی اپیل تیار کروائی۔
یہ بھی پڑھیں : چیٹ جی پی ٹی صارفین ہو جائیں ہوشیار،نیا آن لائن فراڈ بےنقاب
چیٹ جی پی ٹی کی طرف سے تیار کیے گئے دلائل اور قانونی نکات اتنے جامع اور مضبوط ثابت ہوئے کہ کورٹ میں معاملے کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ہونے سے پہلے ہی متعلقہ حکام نے کیس واپس لے لیا اور رافال گورفال کے خلاف تمام تر جرمانہ مکمل طور پر منسوخ کر دیا۔
اس واقعہ کے سامنے آنے کے بعد یہ بحث ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کس طرح عام شہریوں کو بلامعاوضہ اور فوری قانونی مدد فراہم کر کے ان کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے۔





