پشاور میں افسوسناک واقعہ، زہریلی مشروم کھانے سے تین کمسن بہن بھائی جاں بحق

پشاور: نواحی علاقے دوران پور کے میاں عبدالولی شاہ ٹاؤن میں مبینہ طور پر جنگلی مشروم کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے تین کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ بچوں کے والدین اور ایک بہن کو بھی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ واقعے نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 11 سالہ عروج، 10 سالہ فریال اور 7 سالہ ازلان کے ناموں سے ہوئی ہے۔بچوں کے والد محمد ظاہر کے مطابق وہ گھر کے قریب کھیتوں میں قدرتی طور پر اگنے والی مشروم جمع کرکے گھر لائے تھے۔

ان کی اہلیہ نے مشروم پکائی، جسے اہل خانہ نے مل کر کھایا۔ تاہم کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد گھر کے افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

محمد ظاہر کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوگئے، جبکہ وہ خود، ان کی اہلیہ اور ایک بیٹی بھی متاثر ہوئے اور ہسپتال میں زیر علاج رہے۔

یہ بھی پڑھیں  : ملک کے 30 ہزار مدارس پر فضل الرحمان کا قبضہ، بغیر آڈٹ سالانہ اربوں کے فنڈز اور معصوم بچوں کے سیاسی استعمال کا سنسنی خیز انکشاف

بچوں کے والد نے بتایا کہ ان کے بھائی انہیں اہل خانہ سمیت بے ہوشی کی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے کر پہنچے، تاہم ان کے بقول وہاں ڈاکٹر دستیاب نہیں تھے۔

انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں بستر میسر نہ ہونے کے باعث انہیں ہسپتال کے سامنے قائم ایک نجی آئی سی یو منتقل کیا گیا۔

محمد ظاہر کے مطابق نجی طبی مرکز میں علاج کے دوران ان کے بچے یکے بعد دیگرے دم توڑتے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نجی مرکز کی انتظامیہ فیس کی ادائیگی کے بغیر بچوں کی لاشیں حوالے کرنے پر آمادہ نہیں تھی۔

غم سے نڈھال والد نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بچوں کو بروقت اور مناسب طبی امداد فراہم کردی جاتی تو ممکن ہے ان کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : انگور اڈہ واقعہ، افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

دوسری جانب واقعے میں استعمال ہونے والی مشروم کی نوعیت اور بچوں کی اموات کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں۔ دستیاب معلومات کی بنیاد پر اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ مشروم زہریلی تھی یا اموات کسی اور طبی پیچیدگی کے باعث ہوئیں۔ واقعے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے مستند طبی شواہد ضروری ہیں۔

ماہرین کے مطابق جنگلوں، کھیتوں یا دیگر مقامات پر قدرتی طور پر اگنے والی نامعلوم مشروم کو اس وقت تک استعمال نہیں کرنا چاہیے جب تک اس کی محفوظ ہونے کی تصدیق نہ ہوجائے۔

ایسی کوئی چیز کھانے کے بعد متلی، قے، بے ہوشی یا طبیعت میں غیر معمولی خرابی محسوس ہو تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔

ایک ہی خاندان کے تین کمسن بچوں کی ہلاکت نے نہ صرف والدین کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کیا ہے بلکہ اس واقعے نے ہنگامی طبی سہولتوں کی دستیابی، مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی اور نجی طبی مراکز میں مریضوں کے اہل خانہ سے متعلق معاملات پر بھی اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

Scroll to Top