بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بھارتی سرپرستی میں پالے گئے فتنہ الہندوستان کے 9 بھیڑیے جہنم واصل

بلوچستان: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردوں کے خلاف بڑی اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 9 انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دو الگ الگ مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔

ضلع کچھی میں کیے گئے پہلے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی خفیہ گاہ کو کامیابی سے تباہ کیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی ایجنسیوں کے آلہ کار 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

اس دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان حکومت کو کون غلط گائیڈ کر رہا ہے؟ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا حقائق کے منافی بیان شواہد کی روشنی میں مسترد

دوسری جانب ضلع وڈھ میں کیے گئے دوسرے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں گھیرے میں لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان کی قومی اپیکس کمیٹی کے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل دہشت گردی مخالف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں پھیلائے جانے والے فتنے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top