خیبرپختونخوا کے صحت کارڈ پلس پروگرام میں ادویات اور طبی سامان کی خریداری کے حوالے سے سنگین مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سرکاری سطح پر دستیاب سستے خریداری نظام کے باوجود صحت کارڈ سے منسلک ہسپتالوں میں مہنگے داموں ادویات خریدے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری خریداری نظام کے تحت ادویات پر 70 فیصد تک رعایت حاصل کرنے کا امکان موجود ہے، تاہم صحت کارڈ پلس کے تحت منسلک ہسپتالوں کی جانب سے مقامی سپلائرز سے محض 15 فیصد تک رعایت پر ادویات خریدنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحت کارڈ پلس سے منسلک ہسپتال مرکزی خریداری نظام کو نظرانداز کرتے ہوئے الگ الگ ادویات اور طبی سامان خرید رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں فرق اور غیر ضروری اخراجات سامنے آرہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق صحت کارڈ پلس پروگرام کے مجموعی طبی اخراجات کا تقریباً 40 سے 45 فیصد حصہ ادویات، طبی آلات اور دیگر ضروری سامان کی خریداری پر خرچ ہوتا ہے، جس کے باعث خریداری کے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ میں ادویات کی قیمتوں، معیار اور خریداری کے عمل کی نگرانی پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں، جبکہ مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام اور سرکاری خزانے کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے خریداری کے نظام میں اصلاحات کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صحت کارڈ کے نام پر سیاسی ڈرامہ ختم! پی ٹی آئی کے کھوکھلے دعوؤں کا پول کھل گیا
رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ صحت کارڈ پلس کے تحت ادویات اور طبی سامان کی خریداری کو فوری طور پر سرکاری مرکزی خریداری نظام سے منسلک کیا جائے، جبکہ خریداری کے پورے عمل کا ڈیجیٹل اور تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے تاکہ قیمتوں میں شفافیت، معیار اور مالی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی خریداری نظام سے استفادہ نہ کرنے کے باعث سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کے خدشات ہیں، جس کے تدارک کے لیے موجودہ خریداری نظام کا جائزہ لے کر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔





