فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کی وزارتِ مواصلات کا کٹھا چٹھا کھل گیا، ڈی آئی خان سڑک منصوبوں میں 5 ارب 10 کروڑ کا میگا اسکینڈل، سنسنی خیز انکشافات

 فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے دورِ وزارت میں ڈیرہ اسماعیل خان کے پانچ سڑکوں کے منصوبوں کی لاگت میں غیر معمولی اضافے اور ٹینڈرنگ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشافات سامنے آگئے۔

فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پانچوں منصوبوں کے ابتدائی تخمینوں اور منظور شدہ کنٹریکٹس کی مجموعی مالیت میں 5 ارب 10 کروڑ روپے کا فرق سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسد محمود اپریل 2022ء سے اگست 2023ء تک وفاقی وزیر مواصلات رہے۔ ان کے دورِ وزارت میں ڈی آئی خان کے پانچ سڑکوں کے منصوبوں کے ٹینڈرز دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ نظرثانی شدہ نرخوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ان پانچ منصوبوں کا ابتدائی تخمینہ CSR-2014 کے تحت مجموعی طور پر ایک ارب 61 کروڑ روپے تھا، تاہم نظرثانی شدہ کنٹریکٹس کی مجموعی مالیت 6 ارب 71 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ یوں ابتدائی تخمینوں کے مقابلے میں مجموعی فرق 5 ارب 10 کروڑ روپے بنتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پانچ میں سے چار سڑکوں کے منصوبوں کی لاگت میں 51 سے 55 فیصد تک اضافہ ہوا، جبکہ پانچویں منصوبے میں اضافے کی شرح 427.4 فیصد تک پہنچ گئی، جس نے منصوبوں کے تخمینوں اور نظرثانی شدہ نرخوں کی بنیاد پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

ان منصوبوں میں سب سے زیادہ توجہ طلب معاملہ این ایچ 55 پر قریشی موڑ تا موریالی روڈ کا ہے۔ اس منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 14 کروڑ 52 لاکھ روپے تھا، تاہم بعد ازاں اس کا کنٹریکٹ بڑھا کر 76 کروڑ 59 لاکھ 3 ہزار روپے کردیا گیا۔ اس طرح صرف ایک سڑک کے منصوبے کی لاگت میں 62 کروڑ 7 لاکھ 3 ہزار روپے کا اضافہ سامنے آیا۔

اتنے بڑے اضافے کے بعد بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس منصوبے میں ایسی کون سی اضافی تعمیراتی ضرورت، تکنیکی تبدیلی یا غیر معمولی کام شامل کیا گیا تھا جس کے باعث لاگت میں 427.4 فیصد اضافہ ہوا؟ کیا نظرثانی شدہ تخمینوں کی باقاعدہ تکنیکی جانچ پڑتال کی گئی اور کیا ان اضافی اخراجات کی شفاف بنیاد موجود تھی؟

تفصیلات میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے CSR-2022 ڈیٹا کے دو مختلف ورژنز کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ تخمینوں میں بولی دہندگان کی قیمتوں سے مماثلت پائی گئی، جبکہ سڑکوں کے مختلف حصوں سے متعلق بعض بنیادی معلومات بھی دستیاب نہیں تھیں۔ ان امور نے ٹینڈرنگ کے عمل، تخمینوں کی تیاری اور خریداری کے طریقہ کار کی شفافیت پر مزید سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یہ بھی  پڑھیں: اسلام کو بزنس بنانے والوں کو اب نہ نوکری ملے گی نہ روپیہ:محسن نقوی سینیٹ میں مولانا پر پھٹ پڑے

معاملے میں یہ سوالات بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں کہ پانچوں منصوبوں کے نظرثانی شدہ تخمینوں کی آزادانہ تکنیکی جانچ کس نے کی؟ کیا مجاز اداروں نے تصدیق کی کہ نئے نرخ مارکیٹ کی قیمتوں اور حقیقی تعمیراتی لاگت کے مطابق تھے؟ دوبارہ ٹینڈرنگ اور لاگت میں غیر معمولی اضافے کے فیصلوں کی منظوری کس سطح پر دی گئی؟

یہ بھی واضح ہونا باقی ہے کہ اسد محمود بطور وفاقی وزیر مواصلات ان منصوبوں کی دوبارہ ٹینڈرنگ اور لاگت میں اضافے سے متعلق فیصلوں سے کس حد تک آگاہ تھے اور ان فیصلوں کی منظوری کا سرکاری ریکارڈ کیا کہتا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کو آج بھی بنیادی شہری سہولیات، ترقیاتی ضروریات اور سکیورٹی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے میں عوامی ٹیکس سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

معاملے کا اہم ترین پہلو یہ ہے کہ پانچوں منصوبوں کے ابتدائی تخمینے ایک ارب 61 کروڑ روپے تھے، لیکن کنٹریکٹس کی مجموعی مالیت 6 ارب 71 کروڑ روپے تک کیسے پہنچ گئی؟ اس 5 ارب 10 کروڑ روپے کے فرق کی وجوہات کیا ہیں اور اس کی منظوری دینے والے متعلقہ حکام کون تھے؟

ان سوالات کے پیش نظر آڈیٹر جنرل آف پاکستان، قومی احتساب بیورو اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ پانچوں منصوبوں کے اصل تخمینوں، نظرثانی شدہ نرخوں، ٹینڈرز، بولیوں اور ادائیگیوں کا آزادانہ اور تفصیلی آڈٹ کیا جائے، تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور اگر کسی سطح پر قواعد کی خلاف ورزی یا مالی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

Scroll to Top