پاکستان کے سپورٹس افق پر عزم، حوصلے اور غیر معمولی جسمانی صلاحیت کی ایک نئی اور سنسنی خیز تاریخ رقم ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے نامور ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ مسعود خان نے پشاور سے کراچی تک کا 1850 کلومیٹرکا طویل اور کٹھن فاصلہ محض 24 دنوں میں دوڑ کر طے کر کے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
تاریخی کامیابی کے بعد پشاور واپسی پر ان کا شاہانہ اور شاندار استقبال کیا گیا۔
اپنے اس غیر معمولی سفر کی تفصیلات بتاتے ہوئے مسعود خان کا کہنا تھا کہ وہ سفر کے دوران روزانہ 70 سے 85 کلومیٹر تک دوڑنے کی کوشش کرتے تھے تاہم ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا تھا۔ اس تاریخی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے انہوں نے باقاعدہ 90 دنوں تک روزانہ تقریباً 8 گھنٹے کی سخت ترین ٹریننگ کی۔
مسعود خان اس سے قبل بھی حیران کن ریکارڈز قائم کر چکے ہیں۔ وہ پشاور سے اسکردو تک کا 808 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 9 دن میں دوڑ کر مکمل کر چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں فل اور ہاف میراتھن ریسز میں24 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 49 میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس نے کہا کہ مسعود خان نے اپنے بے مثال عزم سے نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ پشاور سے کراچی 24 دن میں پہنچنا ایک عظیم الشان کارنامہ ہے جو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ڈی جی اسپورٹس نے صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل کی جانب سے مسعود خان کے لیے 5 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلانیہ تحفہ پیش کیا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے نومبر میں بی آر ٹی (BRT) روٹ پر ایک بڑی میراتھن ریس سمیت دیگر کھیلوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کیا آج ہوم گراؤنڈ پر تاریخ دہرائی جائے گی؟ فائنل سے قبل شاہین کا کھلاڑیوں کو الٹی میٹم!
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور داؤد خان نے مسعود خان کی ہمت اور ثابت قدمی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت سے ہر مشکل ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کی مثبت اور ورزشی سرگرمیوں کے لیے اپنی سرپرستی جاری رکھے گی۔





