امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ان تحفظات سے آگاہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملے کیے جا رہے ہیں اور طالبان ان حملوں کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہے۔
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان اپنی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث پاکستان نے ان حملوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنے اور واشنگٹن پاکستان کے سکیورٹی خدشات سے بخوبی آگاہ ہے۔
ایران کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی حکومت کا بظاہر مؤقف ہے کہ اگر اس کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ پورے خطے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں ایک ملک کھلے عام تجارتی جہازوں کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، جو تقریباً 80 سے 100 سال قبل کے حالات کی یاد دلاتا ہے۔
مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا تو امریکا اس کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، تاہم واشنگٹن کی اولین ترجیح فوجی تصادم کے بجائے سفارتی اور پُرامن طریقے سے معاملات حل کرنا ہے۔





