پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کو ہوم ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اکتوبر 2026 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے سیریز کے دوران 5 اننگز میں 29.80 کی اوسط سے 149 رنز بنائے، جبکہ 9 وکٹیں بھی حاصل کیں جن میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی شامل ہے۔
انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران عرفات منہاس نے صرف 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور 59 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز بھی کھیلی، جو کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی پاکستانی بولر کی دوسری بہترین ون ڈے بولنگ کارکردگی ہے۔
اس کے علاوہ سری لنکا کے خلاف فائنل کے اہم معرکے میں انہوں نے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر پاکستان کو 326 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی، اور اپنی اس آل راؤنڈ کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی سیریز بھی قرار پائے۔
آئی سی سی کے اس ماہانہ اعزاز کے لیے عرفات منہاس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو جانسن اور ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں16 افسران کی ترقیاں و تعیناتیاں، نوٹیفکیشن جاری
مارکو جانسن نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کھیل پیش کیا، جبکہ شائی ہوپ نے بھارت کے خلاف ون ڈے میچ میں ناقابلِ شکست 162 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 352 رنز کا ہدف عبور کرایا اور پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو سنچریاں بھی اسکور کیں۔





