حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کو مبینہ طور پر بروقت طبی امداد نہ ملنے کے معاملے پر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
محکمہ صحت کے اعلامیے کے مطابق فہد خان، جو رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے بھانجے ہیں، کو 6 نومبر کی صبح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔ مریض کو بروقت طبی امداد فراہم نہ کرنے کی شکایات سامنے آنے پر محکمہ صحت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری ایم ٹی آئی محکمہ صحت کمیٹی کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر آپریشنز ہیلتھ کیئر کمیشن اور سیکشن آفیسر بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کو دو روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی مریض کی اسپتال آمد سے ایمرجنسی سرجری تک فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور رسپانس ٹائم کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ ڈیوٹی روسٹرز اور بائیومیٹرک حاضری کے ذریعے متعلقہ عملے کی موجودگی کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
کمیٹی ایمرجنسی آپریشن تھیٹر، آن کال سرجن اور اینستھیٹسٹ کی بروقت دستیابی، خون، ہنگامی ادویات اور زندگی بچانے والے طبی آلات کی موجودگی کا بھی جائزہ لے گی، جبکہ ایمرجنسی رجسٹر، میڈیکو لیگل ریکارڈ اور علاج سے متعلق تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل واقعے میں اہم پیش رفت، حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی
محکمہ صحت کے مطابق انکوائری میں اگر کسی قسم کی غفلت، غیر حاضری یا علاج میں تاخیر ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔





