خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے وفاقی حکومت کی جانب سے تیار کردہ نئی آٹو پالیسی 2026-31کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے اس پالیسی کو پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مقامی پیداوار اور سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں ریکارڈ اضافے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک تاریخی اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک اہم پریس بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد ملکی آٹو انڈسٹری کو محض گاڑیوں کی اسمبلنگ تک محدود رکھنے کا روایتی کلچر ختم کر کے اسے ایک عالمی سطح پر مسابقتی، برآمدات پر مبنی اور مقامی وینڈر انڈسٹری سے مربوط صنعتی شعبے میں تبدیل کرنا ہے۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے پالیسی کے اہم نکات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پانچ برسوں میں آٹو سیکٹر کی مجموعی برآمدات کو 6 ارب ڈالرتک پہنچانے کا واضح ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مقررہ برآمدی اور مقامی پیداوار کے اہداف حاصل کرنے والی گاڑی ساز کمپنیوں کو برآمدات پر 5 فیصد DLTL (ڈیوٹی ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز) اور سالانہ برآمدات میں اضافے پر مزید 10 فیصد مراعات دی جائیں گی۔
اہداف حاصل نہ کرنے والی کمپنیوں پر جرمانوں کی گنجائش رکھی گئی ہے تاکہ سنجیدہ کام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت گاڑیوں کی قیمتوں اور پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لیے مکمل تیار شدہ گاڑیوں (CBU)، ناک ڈاؤن کٹس (CKD)، خام مال اور آٹو پارٹس پر درآمدی ڈیوٹیز میں مرحلہ وار کمی اور ٹیرف اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
اس کے ساتھ ہی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو اپنی پیداوار میں مقامی اجزا (Local Components) کا تناسب بڑھانے کا پابند بنایا جائے گا جس سے پاکستان کی مقامی وینڈر انڈسٹری کو تقویت ملے گی صنعتی پہیہ تیز ہوگا اور ہزاروں نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گا۔
ثمر ہارون بلور نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کو نئی پالیسی کا سب سے شاندار پہلو قرار دیا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک ملک میں فروخت ہونے والی تمام نئی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کا تناسب 30 فیصد تک پہنچایا جائے۔
الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی تیاری، چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔
اس قدم سے مہنگے پٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں نمایاں کمی آئے گی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا۔
نئی آٹو پالیسی 2026-31 میں عوام اور صارفین کی جیب اور تحفظ کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے ۔
گاڑیوں کی بکنگ کے وقت وصول کی جانے والی پیشگی رقم کو گاڑی کی مجموعی قیمت کے زیادہ سے زیادہ 20 فیصد تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ بلیک مارکیٹنگ اور آن منی کا خاتمہ ہو سکے۔
آٹو سیکٹر میں شفافیت اور جوابدہی کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام قائم کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے WP29 فریم ورک کے تحت مزید 45 عالمی حفاظتی معیارات متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ مقامی اور درآمد شدہ گاڑیوں میں مسافروں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
نئی آٹو پالیسی کے اعلان پر صنعتی حلقوں اور عام شہریوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ عوام نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور گورنر ہاؤس کا یہ قدم ملک کو واقعی ترقی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوجوان اب دھرنوں کا ایندھن نہیں بنیں گے،گورنر فیصل کریم کنڈی کا عزم!
شہریوں نے ماضی کی پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے صرف نعرے بازی اور احتجاجی سیاست میں سال ضائع کیے اور صنعتی ترقی پر کوئی دھیان نہیں دیا۔
پی ٹی آئی کے دور میں گاڑیوں کی بلیک مارکیٹنگ اور آن منی عروج پر تھی جبکہ عام خریدار کا استحصال کیا گیا۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کا بھٹہ بٹھایا، جبکہ موجودہ انتظامیہ اور گورنر کی قیادت میں عملی کام دکھائی دے رہا ہے، جس سے عام آدمی کو ریلیف اور صنعتوں کو فروغ مل رہا ہے۔





