اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ دوسرے پاکستان ٹورازم اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 کی پروقار اختتامی اور تقسیمِ انعامات کی تقریب ایک تاریخی موڑ ثابت ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں صوبے کی صورتحال، نوجوانوں کے مستقبل اور دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں پر ایک اثر انگیز اور جامع بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا نے بدامنی کے دور میں بہت لاشیں اٹھائی ہیں لیکن اب وہ دور ختم ہو چکا ہے اور صوبے میں امن، خوشحالی، ترقی اور روشن مستقبل کے ایک نئے سورج کا طلوع ہو رہا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ماضی کی صوبائی حکومت (پی ٹی آئی) کی بددیانتی، ناہلی اور غلط ترجیحات کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ہنر سے مالا مال ہیں۔
لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ان کی اس طاقتور توانائی کو تعلیم،کھیلوں اور معاشی ترقی میں استعمال کرنے کے بجائے دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ اور بے مقصد احتجاجی سیاست کی طرف دھکیلا گیا اور ان کا مستقبل داؤ پر لگایا گیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ حکومتی ویژن کی اولین ترجیح نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے نکال کر مثبت، تعمیری اور صحت مند مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کو مہمان نوازی، محبت اور قدرتی حسن کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کا مثبت تشخص اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت و نیشنل کوآرڈینیٹر اور سینٹورس گروپ کے چیف ایگزیکٹو سردار یاسر الیاس خان سے خصوصی درخواست کی کہ جس طرح کا شاندار فیسٹیول اسلام آباد میں منعقد کیا گیا ہے۔
ایسے بڑے سیاحتی و ثقافتی ایونٹس کا انعقاد اب خیبرپختونخوا میں بھی کیا جائے تاکہ مقامی سیاحت، ثقافت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا کی کارکردگی بے مثال : وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا خراجِ تحسین!
تقریب کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے فیسٹیول کے شاندار انعقاد، کامیابی اور مختلف سرگرمیوں میں بہترین مظاہرہ کرنے والے منتظمین، کھلاڑیوں اور شرکاء کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شیلڈز، انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور فیسٹیول انتظامیہ کو قومی ہم آہنگی و مثبت امیج اجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔





