سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع (KAFD) میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کی جانے والی بزدلانہ اور بلاجواز حملے کی کوشش کے بعد پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنے مکمل، غیر متزلزل اور حتمی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک ہنگامی اور سخت الفاظ پر مشتمل بیان جاری کرتے ہوئے شہری تنصیبات اور عوامی علاقوں کو نشانہ بنانے کے اس عمل کو انسانی جانوں اور علاقائی امن کے لیے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان حوثی باغیوں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سعودی عرب کی ارض پاک کے خلاف تمام جارحانہ کارروائیاں فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔
پاکستان نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور سعودی عوام کا تحفظ پاکستان کی اپنی سلامتی کا حصّہ ہے اور ریاض کے دفاع کے لیے اٹھائے جانے والے تمام تر ضروری اقدامات کی مکمل حمایت کی جائے گی۔
واقعے کی تفصیلا ت کے مطابق سعودی وزارت توانائی نے تصدیق کی ہے کہ حوثی گروپ نے بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرونز کی مدد سے آرامکو کی انتظامی عمارت سمیت ریاض کے ہوائی اڈے اور ابقیق کے تیل ذخائر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
تاہم سعودی دفاعی نظام کی فوری کارروائی کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
فضائی حملے کو ناکام بناتے وقت گرنے والے شیل کے ٹکڑوں اور ملبے کی زد میں آ کر آرامکو کی عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بیرونی ساخت کو معمولی نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کی کوشش کے فوراً بعد سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ریاض کے شہریوں کو فوری طور پر فضائی خطرے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کھڑکیوں، دروازوں سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی۔
تاہم حالات کنٹرول میں آنے اور دفاعی خطرہ مکمل طور پر ٹلنے کے بعد چند ہی منٹوں میں یہ انتباہ واپس لے لیا گیا۔
یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کا نیا دور شروع ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے جوائنٹ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام سمیت متعدد عظیم الشان سرمایہ کاری معاہدے طے پا چکے ہیں، جس کے بعد اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد خطے کے امن اور معاشی پیش رفت کو سبوتاژ کرنا نظر آتا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط سفارتی و معاشی تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے عوامی و سفارتی حلقوں نے حکومت کے فوری اور جرات مندانہ ردعمل کی بھرپور تحسین کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی ٹیسٹ :بابر اعظم نے ایک اور تاریخ رقم کر دی
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کے دیرینہ اور دوست ملک سعودی عرب کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
وزیراعظم اور ان کی خارجہ ٹیم کی تعمیری پالیسیوں کی بدولت آج سعودی عرب پاکستان میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور ایسے وقت میں پاکستان کا سعودی عرب کی دفاعی خودمختاری کا کھل کر دفاع کرنا ایک بصیرت افروز اور ذمہ دارانہ قيادت کا ثبوت ہے۔





