سابقہ حکومت کی بددیانتی بے نقاب: سرکاری محکمے ہی اوقاف کے کروڑوں کے قابض نکلے،مولانا طیب قریشی کا بڑا انکشاف

خیبر پختونخوا میں سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 13 سالہ حکومت کے دوران قومی اثاثوں سے برتی جانے والی مجرمانہ غفلت، بدانتظامی اور کرپشن پر مبنی پالیسیوں کا ایک اور کچا چٹھا سامنے آ گیا ہے۔

سابقہ حکمرانوں کی سرپرستی اور انتظامی نااہلی کے باعث محکمہ اوقاف کی قیمتی اراضی اور اربوں روپے کے اثاثے قبضہ مافیا کی بھیٹ چڑھتے رہے اور سرکاری محکموں سے کروڑوں روپے کے واجبات تک وصول نہ کیے گئے۔

سابقہ دور کی اس تباہی اور کھلم کھلا بددیانتی کا نوٹس لیتے ہوئے، گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰ ۃ و عشر مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت پشاور میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف محمد ادریس اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف گل نواز خان نے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں وقف املاک، خالی پلاٹوں، لیز اور کرائے کی مد میں ہونے والے بھاری مالی نقصانات، ناجائز قبضوں اور التواء کا شکار کالو شاہ تخت بھائی کی اراضی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں : سابقہ حکومت کی غفلت بے نقاب:محکمہ صحت میں 37 کروڑ 68 لاکھ روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف!

اجلاس کے دوران یہ ہوشربا انکشاف سامنے آیا کہ ماضی کی حکومت نے نہ صرف قبضہ مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی بلکہ خود متعدد سرکاری محکمے بھی اوقاف کی اراضی استعمال کرنے کے باوجود کروڑوں روپے کے واجبات دبائے بیٹھے رہے۔

اس سنگین صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے واضح کیا کہ سابقہ دورِ حکومت کی کاغذی کارروائیوں اور روایتی سستی کا خاتمہ کر کے اب عملی قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور قبضہ شدہ تمام املاک کی فوری واگزاری یقینی بنائی جائے۔

مولانا طیب قریشی نے پی ٹی آئی دور میں سرکاری محکموں کی طرف سے اوقاف کے ساتھ کی جانے والی اس مالی بددیانتی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام بقایا جات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اوقاف کی املاک قومی امانت ہیں جنہیں ماضی کے حکمرانوں کی طرح ضائع ہونے نہیں دیا جائے گا۔

مزید برآں سالہا سال سے التواء کا شکار رہنے والی کالو شاہ تخت بھائی کی وقف اراضی کے معاملے پر ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کر کے اراضی کی نیلامی کا عمل بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔

مشیر اوقاف نے متعلقہ افسران کو باقاعدگی سے معائنہ کرنے اور اچانک چھاپے مارنے کے احکامات دیے تاکہ شعبے کی آمدن میں اضافہ ہو اور محکمے میں چھپے فاسد عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

موجودہ انتظامیہ کا یہ جرات مندانہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے 13 سالہ سیاہ دور کے پیدا کردہ بحرانوں کو ختم کرنے اور قومی اثاثوں کو شفاف طریقے سے محفوظ بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔

عوامی اور سیاسی حلقوں نے محکمہ اوقاف کے اثاثوں اور املاک کو واگزار کرانے کے لیے موجودہ حکومت اور مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کے سخت احکامات کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نوجوان طلباء ملک کا قیمتی سرمایہ : مولانا طیب قریشی کا علماء کی خدمات کا اعتراف!

عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 13 سال تک پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا کے محکموں کو کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کے دلدل میں دھکیلا جس سے وقف املاک پر قبضہ مافیا کا راج قائم ہو گیا۔

شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ حکومت کی گڈ گورننس اور سخت پالیسی کے باعث اب نہ صرف قبضہ مافیا کا شکنجہ کسا جا رہا ہے بلکہ قومی امانتوں کا تحفظ بھی ممکن ہو رہا ہے۔

Scroll to Top