خیبر پختونخوا میں طویل عرصے تک مسلط رہنے والی سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا 13 سالہ دورِ اقتدار صوبے اور بالخصوص پشاور کے لیے تباہی، نااہلی، بدانتظامی اور کنکریٹ کے جنگل میں ماحولیاتی آلودگی کی بدترین علامت رہا ہے۔
اس سیاہ دور میں پشاور جیسے تاریخی اور سرسبز شہر کو کھنڈر اور گندگی کا ڈھیر بنا دیا گیا جہاں اربوں روپے کے فنڈز خردبرد کر دیے گئے۔
لیکن اب موجودہ حکومت نے آتے ہی اس نااہل نظام کا صفایا کرتے ہوئے پشاور کو اس کا پرانا حسن اور سرسبزی واپس دلانے کے لیے ہنگامی اور انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ٹرانسپورٹ، زراعت اور ہاؤسنگ آصف رفیق نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے حکام کو انتہائی سخت اور واضح ہدایات جاری کی ہیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ آئندہ موسم بہار میں پشاور بھر میں ریکارڈ10 لاکھ درخت لگائے جائیں، اور شہر کو دوبارہ اس کا اصل شاندار روپ دیتے ہوئے پھولوں کا شہر بنانے کے لیے فوری طور پر ایک ٹھوس اور عملی ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔
یہ اہم ہدایات انہوں نے پی ڈی اے کے ایک اہم آن لائن جائزہ اجلاس کے دوران جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں یونیسیف کے وفد کی آمد: مشیر صحت نگار جوہر سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال
اس اجلاس کے دوران پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے مشیر بلدیات کو شہر میں جاری عوامی ترقیاتی منصوبوں، شہر کی خوبصورتی کے لیے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات اور سڑکوں، اہم چوراہوں اور دیگر خالی جگہوں پر پھولوں اور پودوں کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
مشیر بلدیات آصف رفیق نے ادارے کی بریفنگ پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پی ڈی اے کے ادارے اپنی آمدنی میں اضافے کے لیے فوری طور پر قانونی اور مؤثر کمرشل سرگرمیاں شروع کریں تاکہ مالی استحکام حاصل کیا جا سکے۔
شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر سخت زور دیا کہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کے مسلسل جام رہنے کے عمل اور رش میں کمی لانے کے حوالے سے پہلے سے موجود تمام گائیڈ لائنز پر سو فیصد اور غیر مشروط عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والا ایک ایک روپیہ دراصل غریب عوام کے ٹیکسوں کا خون پسینے کا پیسہ ہے اس لیے اس فنڈ کے ہر ہر حصے کا درست جگہ پر اور انتہائی شفاف طریقے سے استعمال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ شہر کے اندر جتنے بھی بڑے اور چھوٹے نالے موجود ہیں ان کے اطراف اور کناروں پر بھی شجرکاری کی جائے اور موسم بہار کے موقع پر شاندار سپرنگ شو کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے۔
موجودہ حکومت کے یہ اقدامات اس بات کا روشن ثبوت ہیں کہ پی ٹی آئی کے 13 سالہ ناکام دورِ اقتدار میں تباہ ہونے والے ماحولیاتی اور شہری ڈھانچے کو اب گڈ گورننس اور پائیدار ترقی کے ذریعے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں اور پشاور کے شہریوں کی جانب سے مشیر بلدیات آصف رفیق اور موجودہ حکومت کے اس خوبصورت اور ماحولیاتی دوست اقدام کا پرجوش خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آٹا مافیا کے خلاف گھیرا تنگ: ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمعطل،انکوائری شروع!
عوام کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے 13 سالہ تاریک دور میں پشاور سے ہریالی چھین لی گئی تھی اور شہر کو آلودگی اور ٹریفک کے عذاب میں مبتلا کر دیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت کی طرف سے 10 لاکھ درخت لگانے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے فیصلوں سے شہر کے باسیوں میں ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
شہریوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے پشاور کا پرانا خوبصورت اور مہذب دور واپس لوٹ آئے گا۔





