ترجیحات صرف فتنہ اور فساد، تعلیم کا جنازہ، لکی مروت میں انڈس ہائی وے کے قریب 4 سال سے گرلز اسکول پر لگے تالے انتظامی نااہلی کا شاہکار بن گئے

غلام اکبر مروت

لکی مروت :خیبر پختونخوا پر طویل عرصے تک مسلط رہنے والے پی ٹی آئی کے انتشاری ٹولے کی بدترین ناہلی، مجرمانہ غفلت اور ترجیحات کی بے حسی کی ایک اور دردناک تصویر لکی مروت کے نواحی گاؤں کالا منجی والا میں سامنے آ گئی ہے۔

گاؤں کا گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول گزشتہ تین سے چار سال سے مکمل بند پڑا ہے۔ سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کے وسائل لوٹائے گئے، عمارت کھڑی کر دی گئی، مگر انتشاری ٹولے کے وزرائے اعلی علی امین گنڈاپور سے لے کر سہیل آفریدی تک کی نااہلی کے باعث اس تعلیمی ادارے کے دروازے معصوم بچیوں کے لیے مسلسل بند ہیں۔

بنیادی تعلیم حاصل کرنے کی عمر میں بچیاں دوسرے دیہات دھکے کھانے پر مجبور ہیں جبکہ شدید مشکلات کی بنا پر درجنوں بچیوں نے تعلیم ہی سے توبہ کر لی ہے۔

جس وقت پی ٹی آئی کا ٹولہ اقتدار کے مزے لوٹنے اور ریاست کے خلاف اسلام آباد پر چڑھائی اور لانگ مارچ جیسے ڈرامے رچانے میں مصروف تھا، ٹھیک اسی انڈس ہائی وے پر، جہاں سے سہیل آفریدی کا مبینہ لانگ مارچ گزرا، محض دو سو میٹر کے فاصلے پر یہ بند اسکول انتشاری حکومت کے کھوکھلے دعووں کا منہ چڑا رہا تھا۔

گنڈی چوک سے پشاور کی طرف سیاسی تماشے لگانے والی اس بے حس قیادت کو سڑک کنارے حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتی ان معصوم بچیوں کا بنیادی حق نظر نہ آیا۔ پی ٹی آئی کی ترجیح صرف صوبے کا امن برباد کرنا اور سیاسی انتشار پھیلانا تھا، نہ کہ ان بچیوں کو تعلیم دینا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آٹا مافیا کے خلاف گھیرا تنگ: ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمعطل،انکوائری شروع!

پی ٹی آئی کی بدانتظامی کا عالم یہ ہے کہ گاؤں کی پنجم جماعت کی زنیرہ اور چوتھی جماعت کی ایمان جیسی معصوم بچیاں سخت شرم اور جھجک کے باوجود مجبوری کے تحت لڑکوں کے اسکول میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔

دوسری طرف اسی گاؤں کی خواتین اساتذہ کو دور دراز دیہات دھکیلا جا چکا ہے، جبکہ ان کا اپنا اسکول تالابند ہے۔ سرکاری خزانے سے تنخواہوں اور اخراجات کی مد میں ہر سال لاکھوں روپے کس کی جیبوں میں گئے؟

تدریسی سرگرمیاں بند رکھ کر ان کروڑوں کے قومی وسائل کو کس طرح ضائع کیا گیا؟ یہ پی ٹی آئی کے اسی 10 سالہ کرپٹ اور انارکی زدہ نظام کا شاخسانہ ہے۔

پی ٹی آئی حکومت نے تو تعلیم کے نام پر صرف سیاسی شوشے چھوڑے اور صوبے کی نسلوں کے خوابوں کو قتل کیا۔ اگر اس گاؤں سے پہلے پڑھی ہوئی بچیاں آج بی ایس اور ایف ایس سی کر کے نام روشن کر رہی ہیں، تو موجودہ بچیوں سے یہ حق چھیننے کا حساب اس سابقہ انتشاری ٹولے کو دینا ہوگا۔

گورنر خیبرپختونخوا، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کو اب اس پی ٹی آئی کے مچائے ہوئے گند کو صاف کرتے ہوئے، بند اسکول کے تالے فوری توڑ کر تدریسی عمل بحال کرنا ہوگا تاکہ زنیرہ اور ایمان جیسی بچیوں کو ان کا غصب شدہ حق واپس مل سکے۔

Scroll to Top