خیبر پختونخوا میں طویل عرصے تک مسلط رہنے والی سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا 13 سالہ دورِ اقتدار کرپشن، اقربا پروری، نااہلی اور عوامی وسائل کی لوٹ مار کی بدترین علامت رہا ہے۔
اس سیاہ دور میں غریب عوام کے لیے مختص سبسڈی اور امدادی وسائل کو ہمیشہ مافیا کی نذر کیا گیا لیکن موجودہ حکومت نے آتے ہی اس کرپٹ نظام کا گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت احتسابی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی سلسلے میں سرکاری گندم کے آٹے سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے ایک بڑے اسکینڈل پر فوری اور جرات مندانہ کارروائی کی گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے امورِ داخلہ و قبائلی امور، خوراک اور ترقی خواتین کفایت اللہ خان نے مانسہرہ میں سرکاری گندم کے آٹے کی چوری اور مبینہ بے ضابطگیوں کے سنگین واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مانسہرہ کو فوری طور پر تین ماہ کے لیے معطل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی، اس گھنائونے واقعے کے تمام حقائق معلوم کرنے اور اس میں ملوث اصل ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کی بھی سخت ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ضلع مانسہرہ میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے کی گئی ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران عمل میں آئی جہاں سے سرکاری گندم کے آٹے کے تقریباً 600 تھیلے غیر قانونی طور پر برآمد ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : تجاوزات مافیا پر کاری ضرب : پشاور سڑکوں پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز
غریب عوام کا حق مارنے اور سرکاری وسائل کو بلیک مارکیٹ میں بیچنے کی اس کوشش نے ایک بار پھر سابقہ پی ٹی آئی دور کے کرپٹ ہتھکنڈوں کی یاد تازہ کر دی ہے۔
واقعے کا کڑا نوٹس لیتے ہوئے مشیرِ گورنر کفایت اللہ خان نے واضح کیا کہ سرکاری گندم اور سبسڈی والا آٹا دراصل عامۃ الناس اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مختص امانت ہیں۔
ان وسائل کی کسی بھی مبینہ خوردبرد، غیرقانونی منتقلی یا غلط استعمال پر قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیکٹ فائنڈنگ انکوائری میں اس واقعے کے تمام پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے جس میں متعلقہ فلور مل، نفع خور ڈیلرز اور غفلت برتنے والے فیلڈ عملے کے مجرمانہ کردار کی مکمل جانچ بھی شامل ہو تاکہ تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جا سکیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ یہ انکوائری مکمل طور پر شفاف، غیرجانبدارانہ اور تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے انجام دی جائے۔
کفایت اللہ خان نے محکمہ خوراک کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ نگرانی اور عمل درآمد کے موجودہ نظام کو مزید موثر بنائیں، معیاری طریقہ کار (SOPs) پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور گندم و آٹے کی تقسیم کے پورے نظام کی کڑی نگرانی کریں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ شفافیت، احتساب اور عوامی وسائل کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین اور اہم ترین ترجیحات ہیں اور سبسڈی والے آٹے کی تقسیم کے عمل میں ذرا برابر بھی غفلت یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
محکمہ اس بات کو یقینی بنائے کہ حکومت کی طرف سے دیا جانے والا ریلیف بلاتعطل اور مکمل شفاف طریقے سے صرف حقیقی مستحقین تک پہنچے۔
عوامی حلقوں اور مانسہرہ کے شہریوں کی جانب سے مشیرِ داخلہ کفایت اللہ خان اور موجودہ حکومت کے اس سخت اور بروقت اقدام کا زبردست خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کے لیے اہم خبر آگئی
عوام کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی کے 13 سالہ تاریک دور میں غریبوں کا آٹا اور گندم کھلے عام بلیک مارکیٹ میں بیچی جاتی تھی اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا لیکن موجودہ حکومت کے دور میں کرپٹ عناصر کے خلاف فوری ایکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ اب قانون سب کے لیے برابر ہے۔
شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس قسم کے سخت احتسابی اقدامات سے ہی مافیا کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔





