پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے ایک اہم اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے قریب سے افغان شہری اور مبینہ دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے اور افغان آرمی میں خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی باقاعدہ تربیت حاصل کر چکا تھا۔
پشاور میں ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن اور ترجمان نامزد اضلاع و مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس افغان دہشت گرد کی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق کی۔

پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا کہ پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اس جنگ میں ہمارے صوبے، قوم اور پشتونوں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ہم نے دہشت گردی کا سینہ تان کر مقابلہ کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے، تاہم اس دہشت گردی میں مسلسل سرحد پار افغان سرزمین استعمال ہوتی آ رہی ہے۔
🚨🚨خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں پر زمین تنگ، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بڑی کارروائی اور اہم کامیابی، افغان دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ گرفتار۔
مشیراطلاعات اے آر ڈی سی محمود جان بابر اور ایڈیشنل آجی پی عباس احسن کی پریس کانفرنس
@MehmoodJan1 https://t.co/dsIYJ4ApXv— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) November 11, 2026
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمیں ایک بڑا بریک تھرو ملا ہے جہاں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو دبوچ لیا، جو وادیٔ تیراہ کے راستے ہوتا ہوا آیا تھا اور پشاور کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جبکہ اسے ہیومن ریسورس، انٹیلی جنس اور الیکٹرانک سرویلنس کے مختلف جدید طریقے استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
🚨🚨افغان دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ پشاور سے قریب سے گرفتار، اہم انکشافات
گرفتار خارجی کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیا علاقہ چمکنی گاؤں منگیار سے ہے، یہ کارروائی 7 نومبر کو ہوئی، تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آچکے ہیں
ایڈیشنل آئی جی پی خیبرپختونخوا عباس احسن کی پریس کانفرنس https://t.co/Ee19mDCWHv— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) November 11, 2026
گرفتار دہشت گرد کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ 7 نومبر کو کی جانے والی اس کارروائی میں گرفتار ملزم کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے علاقے چمکنی کے گاؤں منگیار سے ہے، جس سے تفتیش کے دوران بہت سے انکشافات ہوئے ہیں کہ اس کے پاکستان اور افغانستان میں کون کون سہولت کار رہے ہیں، اس نے کہاں کہاں تربیت لی ہے اور کہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آواران میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، کواڈ کاپٹر اسٹرائیک میں فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کے 9 دہشت گرد ہلاک
عباس احسن کے بقول یہ خارجی سابقہ افغان نیشنل آرمی میں بھی کام کر چکا ہے اور 3 ماہ کی عسکری تربیت کے علاوہ 3 ماہ تک افغان آرمی کے ساتھ کمانڈو ٹریننگ بھی حاصل کر رکھی ہے، اور افغان آرمی کے خاتمے کے بعد اس نے مختلف مدارس میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے دوبارہ تربیت شروع کی اور لوگوں سے روابط رکھے تاکہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلا سکے۔
🚨🚨پاکستان میں افغانستان کی دہشت گردی، اب مزید نہیں ہوگی!
ایڈیشنل آئی جی پی خیبرپختونخوا عباس احسن کے انکشافات
گرفتار دہشت گرد افغان نیشنل آرمی کا حصہ رہ چکے ہیں، تین مہینے عسکری تربیت اور تین مہینے کمانڈو ٹریننگ حاصل کی۔ جلال آباد کے قریب مدرسہ خالد بن ولید کے طالبعلم کو خودکش بمبار کے طور پر ایک طالبعلم کو تربیت بھی دی۔— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) November 11, 2026
انہوں نے مزید بتایا کہ جلال آباد کے قریب خالد بن ولید مدرسے میں اس دہشت گرد نے اکرمہ نامی ایک طالب علم کو خودکش بمبار کے طور پر تربیت دی، اور یہ ملزم سابقہ گل بہادر گروپ کے ساتھ بھی وابستہ رہا ہے جبکہ اس گروپ کے ایک کمانڈر منصور کا ذاتی محافظ بھی رہ چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم ایک منظم طریقے سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر پاکستان میں داخل ہوکر کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کا دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع کے لیے وفاق سے 40 ارب روپے کے اضافی پیکج کا مطالبہ
گرفتار افغان دہشتگرد حکمت اللہ عرف حمزہ کا اہم ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اس نے اپنے دہشتگرد نیٹ ورک، ٹریننگ اور اعترافِ جرم کے ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
ویڈیو بیان میں خارجی حکمت اللہ نے انکشاف کیا کہ وہ افغان حکومت میں عسکری اور کمانڈو تربیت حاصل کرنے کے بعد خوارجی عناصر کے ساتھ وابستہ ہوا۔ اس نے اعتراف کیا کہ اس نے افغانستان میں خالد بن ولید مدرسے میں اکرمہ نامی شاگرد کو خودکش بمبار کے طور پر تیار کیا تھا۔
حکمت اللہ نے بتایا کہ افغان خوارجی مفتی مزمل نے ایک تشکیل تیار کی تھی جس میں وہ بھی شامل ہوگیا اور ان کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوا۔
پاکستان میں داخلے کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آدم خیل چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کے لیے گئے تھے، تاہم آدم خیل چیک پوسٹ پر سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے ان کی نفری تتر بتر ہوگئی، ساتھی منتشر ہوگئے جبکہ وہ خود گرفتار ہوگیا۔
گرفتار دہشتگرد نے پاکستانی فورسز کے رویے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے گرفتاری کے بعد اسے کھانا کھلایا اور چائے پلائی۔ اپنے اعتراف میں اس کا کہنا تھا کہ جسے وہ اب تک “جہاد فی سبیل اللہ” کہتے رہے، وہ دراصل ان کی خام خیالی تھی۔ اس نے خبردار کیا کہ پاکستان ایک مسلمان ملک ہے، اس لیے یہاں آ کر کوئی افغانی جعلی جہاد کی کوشش نہ کرے۔
حکمت اللہ نے اپنی جان کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس کے بعد واپس افغانستان چلا گیا اور ان خوارجیوں کو معلوم ہو گیا تو وہ اسے قتل کر دیں گے۔
اس نے پاکستانی حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ اسے افغانستان واپس بھیجنے کے بجائے پاکستان میں ہی رہنے کی اجازت دی جائے اور یہاں کسی کام پر لگایا جائے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب صوبہ، وفاق اور تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کی غرض سے داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو بچ کر جانے نہیں دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے آخر میں ایڈیشنل آئی جی عباس احسن نے بتایا کہ افغانستان میں پاکستان کے خلاف کھلم کھلا دہشت گردوں کی بھرتی کی جا رہی ہے، گرفتار ملزم سے اس حوالے سے اہم شواہد اور کالعدم تنظیموں سے روابط کے ثبوت ملے ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید تفتیش کے ذریعے اس نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔





