کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور بڑا ناپاک حملہ ناکام بناتے ہوئے فتنہ الکوارج کے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
بزدل دہشت گردوں نے این-25 (N-25) شاہراہ پر واقع کندوا پوسٹ کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی، جسے جوانوں کی آہنی مستعدی اور بروقت جوابی کارروائی سے خاک میں ملا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، دہشت گردوں نے انتہائی بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی (VBIED) کے ذریعے کندوا پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
جس کے بعد آر پی جی سیون (RPG-7) اور خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی تاکہ پوسٹ پر دھاوا بولا جا سکے تاہم، پوسٹ پر موجود ہادی اور الرٹ سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان منشیات اور دہشت گردی کا بین الاقوامی اڈہ، پڑوسی ممالک کے خلاف خونی کھیل کھیلنے والے درندوں کے ناپاک نیٹ ورکس بے نقاب
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکہ پوسٹ کے احاطے سے باہر ہونے کے باعث اس کی زد میں آ کر قریبی آبادی کے متعدد غریب شہریوں کے مکانات تباہ ہو گئے، جن میں ایک مرد اور دو خواتین شہید ہو گئیں۔
ایف سی (Frontier Corps) کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کی طبی امداد اور متاثرہ مقامی خاندانوں کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
فورسز کی شدید اور موثر فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاقے میں فرار ہونے والے یا چھپے ہوئے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے گرینڈ سنیٹائزیشن (Sanitization) آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔
ریاست اور سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ان ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں۔





