پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ اور دریائے سندھ کے کنارے واقع دیگر علاقوں میں پلیسر گولڈ (آبرفتی سونے) کی غیر قانونی کان کنی کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے شرپسند اور مافیا عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث عناصر کی فہرستیں تیار کر کے ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، جبکہ دریائے سندھ کے کنارے بڑے پیمانے پر آپریشن بھی متوقع ہے۔
دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی گولڈ مائننگ نہ صرف ملکی معیشت پر ڈاکہ ہے بلکہ اسے شرپسند عناصر کی پشت پناہی اور مالی معاونت کے ایک بڑے ذریعے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
اس سنگین صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 11 اکتوبر 2026 کو کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنوں کے خلاف کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی حیدر زمان اور سب انسپکٹر سمیت گیارہ پولیس اہلکار شہید اور بارہ زخمی ہوئے، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
تربیلا سے کالا باغ تک 188 مربع کلومیٹر پر پھیلے دریائے سندھ کے چار بلاکس (A, B, C, D) میں سے اٹک پل سے کالا باغ تک پھیلے بلاک سی اور ڈی میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ حملے پر وزیراعظم کا سخت ردِعمل: شہدا کو سلام، مافیا اور خوارج کا گٹھ جوڑ کچلنے کا اعلان
2023 سے ایکسکیویٹرز کے ذریعے شروع ہونے والی اس غیر قانونی لوٹ مار میں اب تک 2 ہزار 600 ایکسکیویٹرز استعمال ہو رہے ہیں۔ بلاک سی میں 1,358 ایکڑ اراضی پر 1,900 ایکسکیویٹرز کام کر رہے ہیں، جن سے ماہانہ 57 ہزار سے ایک لاکھ 14 ہزار تولہ سونا نکالا جا رہا ہے، جبکہ بلاک ڈی میں 317 ایکڑ اراضی پر 700 ایکسکیویٹرز کے ذریعے ماہانہ 21 ہزار سے 42 ہزار تولہ سونا حاصل کیا جا رہا ہے۔
محکمہ معدنیات کے تخمینوں کے مطابق، دونوں بلاکس سے روزانہ کم از کم 2 ہزار 600 تولہ سونا نکالا جا رہا ہے جس کی یومیہ مالیت ایک ارب 4 کروڑ روپے، ماہانہ 31 ارب 20 کروڑ روپے اور سالانہ 3 کھرب 74 ارب 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔
فرنٹیئر مائنز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیربندی کے مطابق صرف کوہاٹ کے ایک چھوٹے سے علاقے میں روزانہ 25 کروڑ روپے کے سونے کی غیر قانونی خرید و فروخت ہوتی ہے۔
محکمہ مائنز اینڈ منرلز نے نومبر 2024 میں بلاک سی (ہمالیہ ایکسپلوریشن کو ایک ارب 30 کروڑ 50 لاکھ روپے میں) اور بلاک ڈی (شکردرہ منرل پرائیویٹ لمیٹڈ کو ایک ارب 11 کروڑ 10 لاکھ روپے میں) 10 سال کے لیے لیز پر دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ شہدا کی نماز جنازہ ادا:رقت آمیز مناظر،ہر آنکھ آشکبار!،فضا شہدا کے نعروں سے گونج اٹھی
تاہم لیز ہولڈرز نے حکام کو شکایت کی ہے کہ شرپسند اور غیر قانونی کان کن ہزاروں کی تعداد میں ان کی مختص زمینوں سمیت نجی و شاملاتی زمینوں پر قابض ہیں۔ مقامی زمین مالکان بھی فی ایکسکیویٹر ماہانہ 7 سے 15 لاکھ روپے وصول کر کے غیر قانونی کان کنی میں سہولت کاری کر رہے ہیں۔
محکمہ معدنیات کی مانیٹرنگ کمیٹی اب تک 2 ہزار سے زائد ایف آئی آرز درج کرا چکی ہے، تاہم ڈی جی مائنز اینڈ منرلز کے پی ایس تیمور کے مطابق گرفتاریوں اور روک تھام کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر عائد ہوتی ہے۔
اب اکتوبر میں بحال کی گئی لیزوں کے ساتھ نئے سخت ضابطہ کار (ایس او پیز) نافذ کیے گئے ہیں، جن کے تحت ہر ایکسکیویٹر کی محکمہ ایکسائز میں رجسٹریشن لازمی ہوگی، ڈمپروں اور گاڑیوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی، جبکہ سونے کی پروسیسنگ کے لیے جیو ٹیگ شدہ گولڈ رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس مرکزی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی تاکہ شرپسند عناصر کا مکمل قلع قمع کیا جا سکے۔





