صرف سیاست نہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو کے “سیاسی ری سیٹ” کے بیان پر محسن نقوی کا ردعمل

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی ریفرنڈم کرانے کی اہم تجویز پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی رضامندی اور اتفاقِ رائے کے بغیر نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے، اور اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں نہ ہوئے تو وہ عوامی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

12 نومبر کو لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے ملکی سیاست، کرپشن، قبضہ مافیا اور سائبر کرائم سمیت اہم قومی امور پر دو ٹوک مؤقف اپنایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو تقریباً ایک پیج پر ہیں، تاہم ان کا ذاتی مؤقف ہے کہ محض سیاست ہی نہیں بلکہ ملک کے پورے نظام میں اصلاح اور مکمل ری سیٹ کی ضرورت ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس حساس معاملے میں عوامی رائے کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، اس لیے بہتر ہوگا کہ ریفرنڈم کے ذریعے براہِ راست عوام سے پوچھا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر یہ معاملہ آگے نہیں بڑھایا جا سکتا، اگر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو ہی پیش رفت ہوگی بصورت دیگر اختلافات کے ساتھ کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی غیر قانونی کان کنی کی آڑ میں دہشت گردی کی فنڈنگ، شرپسند مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی متوقع

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق ممکنہ ڈیل اور گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ معاملات جوں کے توں ہیں اور صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو صرف ان کے قانونی حقوق ملیں گے اور عدالت کی جانب سے جو ریلیف یا سہولت دی جائے گی، قانون کے مطابق وہی فراہم کی جائے گی۔

ملک میں بدعنوانی اور سرکاری زمینوں پر قبضوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول سی ڈی اے میں کرپشن موجود ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم وزارت داخلہ میں کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی زمین پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرپٹ عناصر اور قبضہ مافیا کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت ان کے خلاف سخت ایکشن لے سکے۔

یہ بھی پڑھیں : صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات،نئے انتظامی یونٹس اور 28 ویں ترمیم پر مشاورت!

سائبر کرائم اور آن لائن ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی نے اعلان کیا کہ بچیوں اور خواتین کو آن لائن بلیک میلنگ اور فراڈ کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آن لائن فراڈ کے بیشتر کیسز میں خواتین متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے این سی سی آئی اے کو مزید فعال بنانے اور اضافی وسائل فراہم کرنے پر کام جاری ہے تاکہ بلیک میلنگ اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جا سکے۔

Scroll to Top