اسلام آباد: سیاست میں اصولوں کی بجائے ہمیشہ ذاتی اور خاندانی مفادات کی گنگا بہانے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کا سیاسی سفر موقع پرستی کی بدترین مثال بن چکا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جہاں بھی اقتدار اور مفادات کی بو آتی ہے، فضل الرحمان وہاں سب سے آگے نظر آتے ہیں۔ جب خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تھی تو یہی مولانا اپنے سیاسی مفادات کے تحت پی ٹی آئی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر سڑکوں پر آنے کے دعوے کرتے رہے، اور جب بھی انہوں نے اس طرح کے سیاسی جوڑ توڑ کیے، اس کے نتيجے میں ان کے اتحادیوں کی حکومتیں عبرت ناک انجام سے دوچار ہوئیں۔
لیکن جیسے ہی مفادات کی ڈور ٹوٹی، ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا اور انہوں نے نہ صرف ریاست کو للکارنا شروع کر دیا بلکہ پاک فوج، سیکیورٹی اداروں اور خیبر پختونخوا پولیس کے عظیم شہداء کے پاکیزہ خون کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔
جب سیاست اور قانون آمنے سامنے ہوں تو کاغذات کی زبان سب سے اہم گواہ بن جاتی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی حالیہ دستاویزات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور ان کے خاندانی حلقوں کے مالی معاملات سخت جانچ پڑتال کی زد میں ہیں۔
حکومت کی جانب سے یہ انتباہ بھی سامنے آ چکا ہے کہ اگر دستیاب ثبوتوں کے باوجود تعاون نہ کیا گیا اور احتجاج کی آڑ میں قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو ریاست فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔
تحقیقاتی اداروں کے مطابق حلقہ این اے 265 پشین کے فارم بی اور ایف بی آر کے ٹیکس گوشواروں کے تقابلی جائزے میں نمایاں تضادات پائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ماحول جتنا مرضی کشیدہ کر لیں، حساب تو دینا ہی پڑے گا، ثمر ہارون بلور نے اسعد محمود اور فضل الرحمان کے تمام پردے چاک کر دیے
سال 2023 تک مولانا فضل الرحمان کی اہلیہ کے نام پر 55 تولہ سونا (مالیت ساڑھے 9 لاکھ روپے) زیورات کے خانے میں درج تھا، جو سال 2024 کے گوشواروں میں وہاں سے ہٹا کر ہو بہو وہی رقم اسلحے کے خانے میں منتقل دکھائی گئی۔
اسی طرح اسعد محمود کے سال 2026 کے ٹیکس ریکارڈ میں 6 ہزار 737 روپے نقد اور تین پستولوں سمیت دو رائفلوں کی صفر مالیت ظاہر کرنے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مالی دستاویزات کی یہ تبدیلیاں اور تضادات اب نیب اور دیگر اداروں کی بنیادی انکوائری کا حصہ بن چکے ہیں۔
مالی بے ضابطگیوں کے اس دائرے میں مبینہ بے نامی جائیدادوں اور فرنٹ مینوں کے کردار نے معاملے کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور کی اسٹریٹ نمبر 83 میں واقع مکان نمبر 7 اور کراچی کے ‘رحیم پلازہ’ کو ان تحقیقات میں زیرِ بحث لایا گیا ہے، جبکہ سال 2020 میں چک شہزاد کی اراضی اور بنگلوں کی جانچ پڑتال بھی اس پس منظر کا حصہ ہے۔
اس سلسلے میں اسعد محمود کے مبینہ چار کنال کے گھر کے کاغذی مالک اور فرنٹ مین جاوید اقبال کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جو اس تحقیقاتی زنجیر کی ایک اہم کڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی بے نقاب، اہلیہ کا 55 تولہ سونا اچانک اسلحے کے خانے میں منتقل ہونے کا انکشاف
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ آفس کے اندر منظور شدہ آسامیوں سے تجاوز کر کے غیر قانونی اور ختم شدہ آسامیوں پر بھرتیوں کے معاملے پر بھی نیب اور ایف آئی اے کا شکنجہ کسا جا چکا ہے۔
جائیداد پر قبضے کے ایک متنازع معاملے میں بھی نام آنے کے بعد انہیں 5 نومبر اور پھر 13 نومبر کو طلب کیا گیا تھا، تاہم ان کی عدم پیشی کے بعد قانونی پیچیدگیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ ان بھرتیوں کی منظوری کس اتھارٹی نے دی اور کیا قانونی تقاضے پورے کیے گئے یا نہیں؟
قانونی اور آئینی ضوابط کے لحاظ سے دیکھا جائے تو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 (4) اور آئین کے آرٹیکل 62 (1)(f) کے تحت جھوٹے حلف نامے یا اثاثے چھپانے پر نااہلی اور فوجداری مقدمات بنتے ہیں، جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس، نیب آرڈیننس 1999 اور بے نامی ٹرانزیکشنز ایکٹ کے تحت بھی سنگین کارروائی کی گنجائش موجود ہے۔
اس کے علاوہ پاک فوج سے متعلق متنازع بیانات، قصور جلسے کے تنازع اور وفاقی وزراء کی تنقید کے بعد سیاسی محاذ پر بھی کشیدگی عروج پر ہے، جہاں حکومت نے دوٹوک مؤقف اپنایا ہے کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان اور انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی۔
اس تمام صورتحال میں جہاں تحقیقاتی ادارے شواہد کی بنیاد پر گھیرا تنگ کر رہے ہیں، وہیں فراہم کردہ معلومات کے مطابق فضل الرحمان اور ان کے خاندان کی جانب سے ان تحقیقات کے دوران عدم تعاون کا رویہ برقرار رکھا گیا ہے۔





