خیبر پختونخوا کی سر زمین ایک بار پھر اپنے غیور اور بہادر بیٹوں کے لہو سے سرخ ہوئی ہے، جہاں حال ہی میں مادرِ وطن کے دفاع میں 13 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانی دی ہے۔
پوری قوم اس المناک سانحے پر سوگوار اور اپنے محافظوں کے عزم و استقلال کو سلام پیش کر رہی ہے، لیکن ایسے میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کا رویہ ایک ایسا شرمناک اور سوالیہ نشان بن کر ابھرا ہے جس نے سیاسی موقع پرستی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
دہشت گردوں کی سفاکیت پر مکمل خاموشی اختیار کرنا اور الٹا ریاست کے محافظوں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو کٹہرے میں کھڑا کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب دہشت گردی کے فکری اور سیاسی سہولت کاروں کو چھپانے کے لیے کوئی پردہ باقی نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں : سرخ لکیر پار کرنے کی بھاری قیمت، جعلی حلف ناموں، مالی گھپلوں اور ریاستی اداروں پر حملوں کے بعد فضل الرحمان کی گرفتاری کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع
ایک طرف وہ جانباز ہیں جو عید، تہوار اور اپنے معصوم بچوں کی مسکراہٹیں قربان کر کے فرنٹ لائن پر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں، اور دوسری طرف وہ سیاست دان ہیں جو ہر سانحے کو اپنے مذموم سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا ذریعہ بنانے سے باز نہیں آتے۔
ٹی ٹی پی جیسی خونی تنظیم، جو معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ قتلِ عام میں براہِ راست ملوث ہے، کے خلاف صاف لفظوں میں ایک حرفِ مذمت زبان پر نہ لانا دراصل اسی دہشت گردی کے ایجنڈے کو بالواسطہ تقویت دینے کے مترادف ہے۔
جب اپنے ہی ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالات اٹھائے جائیں، تو اس سے براہِ راست ملک دشمن عناصر کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور یہ عمل مجرمانہ خاموشی سے بھی بڑھ کر خطرناک رخ اختیار کر لیتا ہے۔
شہداء کے خون پر سیاست چمکانے کا یہ گھناؤنا کھیل اس پست سیاسی ذہنیت کا غماز ہے جہاں ذاتی اور خاندانی مفادات کو ملکی سلامتی اور ریاست کے دفاع پر ہمیشہ مقدم رکھا جاتا ہے۔
جب ریاست کا ایک ایک سپاہی اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار بنا کھڑا ہے، تو یہ سوال شدت سے پیدا ہوتا ہے کہ کیا فضل الرحمان کا یہ اخلاقی اور ملی فریضہ نہیں بنتا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف دوٹوک اور واضح موقف اپناتے؟
یہ بھی پڑھیں : فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں کروڑوں کا گھپلا، 1 کروڑ 16 لاکھ کی مشکوک رقم کا جواب دینے سے قاصر فضل الرحمان کے کالے کرتوت بے نقاب
لیکن افسوس کہ دہشت گردوں کو للکارنے کے بجائے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اقدامات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے یہ حقیقت طشت از بام ہو چکی ہے کہ اب دوغلی پالیسیوں کا نقاب اتر چکا ہے۔
عوام اس مکروہ سیاسی کھیل کو اب بخوبی سمجھ چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک و قوم کے دشمنوں اور شہداء کے خون سے سودے بازی کرنے والوں کو قوم پوری طرح مسترد کر دے گی۔
ریاست کے دفاع اور شہداء کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور وقت آ گیا ہے کہ فرنٹ لائن کے محافظوں کے خلاف زبان چلانے والے تمام سہولت کاروں کا کڑے احتساب کے ساتھ کچا چٹھا عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔





