اسلام آباد: شیطان صفت خوارج کو ان کے انجام تک پہنچانے والی ایک اور گرج دار کارروائی میں پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میں مٹی کے ان غداروں کا صفایا کر دیا ہے جنہوں نے اس خطے میں بدامنی پھیلانے کی ناپاک سازش کی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں انٹیلی جنس بنیادوں پر فیصلہ کن اور کاری ضرب لگاتے ہوئے 16 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے، جبکہ دھرتی ماں کے دفاع میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کر کے اپنے لہو سے لازوال تاریخ رقم کی ہے۔
آئی ایس آر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران جاری رہنے والے شدید اور خونریز فائرنگ کے تبادلے میں علی خیل کے علاقے میں سب سے بڑا وار کرتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جن میں بھارتی سرپرستی میں ننگ و ناموس پر دھبہ بننے والے فتنۃ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران 2، 2 خوارج کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : منرلز انویسٹمنٹ فورم، جوائنٹ وینچرز کے لیے تیار ہیں مگر صوبے اور عوام کے تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، فیصل کریم کُنڈی
ان خوارج کے ناپاک وجود سے زمین کو پاک کرنے کے اس معرکے میں پاک فوج کے سپوتوں نے ثابت کر دیا کہ وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے وہ آخری سانس تک لڑیں گے۔
اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے بہادر سپوتوں میں ضلع صوابی کے 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور مردان کے 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں، جنہوں نے سینے پر گولیاں کھا کر ثابت کر دیا کہ اس مٹی کے رکھوالے بزدل دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ان درندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، اور یہ وہی مکار عناصر تھے جو معصوم شہریوں کے قتل اور متعدد گھناؤنی دہشت گردانہ کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ پالیسی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ انسداد دہشت گردی مہم پوری طاقت اور سرعت کے ساتھ جاری رہے گی، جس کا واحد اور حتمی مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی میں پلنے والی اس عفریت نما دہشت گردی کا کلی خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بویا میں دو خوارجی ہلاک، مجموعی ہلاکتیں 91 تک پہنچ گئیں
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف اس شاندار اور فیصلہ کن آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ نائیک آفتاب علی اور حوالدار عصمت علی نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لیے قربان کیا ہے، اور شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے اس ناسور کے مکمل صفائے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور پوری پاکستانی قوم اس پاک وطن کے دفاع کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔





