کامران علی شاہ
پشاور: پشاور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو قومی اثاثے ریڈیو پاکستان پشاور پر ہونے والے حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے سنگین مقدمے میں نامزدسہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے баقاعدہ اشتہاری قرار دینے کی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور فوجداری قانون کی دفعہ 87 کے تحت باضابطہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
پراسیکیوشن کے مطابق عدالتی احکامات کی روشنی میں جاری کیے جانے والے یہ نوٹس ملزمان کے گھروں اور سرکاری و نجی دفاتر کے باہر نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ قانون کی رٹ اور عدالتی کارروائی کے تقاضوں کو ہر صورت پورا کیا جا سکے۔
پراسیکیوشن حکام نے قانونی نکات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عدالتی طلبی اور دفعہ 87 کے نوٹسز کے باوجود اگرسہیل آفریدی اور شریک ملزم عامر چمکنی عدالت کے روبرو پیش ہو کر قانون کا سامنا نہیں کرتے، تو اگلے مرحلے میں انہیں فوجداری قانون کی دفعہ 512 کے تحت باقاعدہ مفرور اور اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا، جس کے فوری بعد دونوں ملزمان کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جائیں گے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پراسیکیوشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ریاستی اداروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں قانون کے سامنے کسی بھی عہدے یا حیثیت کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے اور عدالتی احکامات پر بلا امتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے فوری منسوخ، غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد پیسہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا، فیصل کریم کنڈی کا بڑا انکشاف
ریکارڈ اور پراسیکیوشن کے مؤقف کے مطابق 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے دوران ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملے کے اس مقدمے میںسہیل آفریدی کو متاثرہ ادارے ریڈیو پاکستان کی باضابطہ درخواست اور شواہد کی روشنی میں نامزد کیا گیا تھا۔
اس ہائی پروفائل مقدمے میں مجموعی طور پر 80 سے زائد ملزمان نامزد ہیں جن کے خلاف انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں باقاعدہ ٹرائل کی کارروائی زیر سماعت ہے۔
قانونی ماہرین اور پراسیکیوشن کے مطابق دفعہ 87 کے تحت اشتہاری کارروائی کے آغاز کے بعد اب اس مقدمے کا اگلا فیصلہ کن مرحلہ دونوں نامزد ملزمان کی عدالت میں حاضری یا مسلسل عدم پیشی سے مشروط ہوگا، جس کی بنیاد پر عدالت مزید سخت قانونی احکامات صادر کرے گی۔





