دفاعِ حرمین شریفین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پوری قوم متحد ہے: رانا ثنا اللہ کادو ٹوک پیغام!

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حالیہ سفارتی محاذ پر ملک کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور عالمی برادری اب پاکستان کو ایک امن پسند ریاست کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔

لاہور میں منعقدہ ’تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس‘سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج بحال ہوا ہے اور آج ملک کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مقدس مقامات کے دفاع کے عزم کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور پوری پاکستانی قوم اس مقصد کے لیے یکجا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مکہ معاہدہ دراصل حرمین شریفین اور پاکستان کے مشترکہ دفاع کی علامت ہے، جبکہ ملکی استحکام اور مقدس مقامات کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پُرامن چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے۔

ان کے مطابق سفارتی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیاں قابلِ ستائش ہیں اور قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں عالمی برادری کے لیے ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے بھی اس بات پر زور دیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جرات مندانہ قیادت اور بے مثال خدمات کا عالمی اعتراف:دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں شمولیت پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو زبردست خراجِ تحسین!

اس موقع پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور سعودی عرب کی سلامتی ہمارے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدے اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے۔

Scroll to Top