رکاوٹیں ختم اور کام تیز کرنے کا دوٹوک فیصلہ :مشیر منصوبہ بندی و توانائی عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم احکامات جاری

 خیبرپختونخوا میں توانائی کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ 

اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، توانائی و بجلی، سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت گبرال کلام پراجیکٹ کے ریکوری پلان اور نظر ثانی شدہ پی سی ون (PC-I) کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی (پی اینڈ ڈی)، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پیڈو اور پراجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) گبرال کلام پراجیکٹ نے شرکت کی۔

نشست کے دوران گبرال کلام پراجیکٹ کی موجودہ صورتحال، تیار کردہ ریکوری پلان اور نظر ثانی شدہ پی سی ون کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی و انتظامی عمل میں درپیش رکاوٹوں، مقررہ ٹائم لائنز اور منصوبے کے مالی و تکنیکی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر عثمان سیف اللہ خان نے منصوبے کی مقررہ وقت پر تکمیل، مالی و انتظامی شفافیت اور کام کے اعلیٰ معیار پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ترمیم سے فائدہ اٹھانے والے اب اسے جبری قرار دے رہے ہیں: پیپلز پارٹی بیانات سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی،رانا ثناء اللہ نے بلاول کو آڑے ہاتھوں لے لیا!

انہوں نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریکوری پلان پر مؤثر عملدرآمد کیا جائے، متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے اور نظر ثانی شدہ پی سی ون کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ گبرال کلام پراجیکٹ کی تکمیل سے صوبے کو توانائی کے شعبے میں جلد از جلد خاطر خواہ ثمرات مل سکیں۔

Scroll to Top