روس کے خطے سائبیریا کے علاقے کیمیروو (Kemerovo) میں ایک خوفناک فضائی سانحہ پیش آیا ہے جہاں ایک روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد لقمہ اجل بن گئے۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے کی شناخت An-12کے طور پر کی گئی ہے اور حادثے کے وقت اس میں عملے سمیت 17 افراد سوار تھے جو اس حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ میں ایک عینی شاہد کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ حادثے سے عین قبل طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی۔ شعلوں کی لپیٹ میں آنے کے بعد طیارہ تیزی سے نیچے کی جانب آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دوسری جانب کیمیروو کے گورنر ایلیا سیریڈیوک (Ilya Seredyuk)نے سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ علاقے کے ضلع یاگونوو (Yagunovo) میں ایک فضائی حادثہ پیش آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رکاوٹیں ختم اور کام تیز کرنے کا دوٹوک فیصلہ! مشیر منصوبہ بندی و توانائی عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم احکامات جاری
گورنر سیریڈیوک نے مزید بتایا کہ مقامی حکام کی جانب سے جائے وقوعہ پر ہر ممکن ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ تفتیشی اداروں نے اس سانحے کے اصل محرکات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تاہم اس سنگین واقعے پر روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔





