اب سفر کے دوران انٹرنیٹ سگنل جانے کا خوف ختم ، پی ٹی اے کا بڑا اقدام!

پاکستانی فضائی سفر کے دوران مسافروں کے لیے ایک شاندار اور جدید ترین ڈیجیٹل دور کا آغاز ہو چکا ہے جہاں اب سفر کے دوران سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی تمام رکاوٹیں ختم اور راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دورانِ پرواز سیٹلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے لیے اپنے لائسنسنگ فریم ورک کو باضابطہ طور پر حتمی شکل دے دی ہے، جس سے ملک میں ہوا بازی کے شعبے میں جدید مواصلاتی سہولیات کا نیا باب کھل گیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس فریم ورک کے تحت لائسنس یافتہ کمپنیاں پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) سے رجسٹرڈ سیٹلائٹس کو استعمال کرنے کی مجاز ہوں گی۔

اس کے علاوہ پاکستان میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ تمام طیاروں کو اب فضا میں ہی سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔

دوسری جانب بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بھی ضابطہ کار طے کر دیا گیا ہے  اتھارٹی کے مطابق جو ٹرانزٹ طیارے پاکستانی فضائی حدود سے گزریں گے ان کے لیے دورانِ پرواز ان مواصلاتی خدمات کے حصول کی غرض سے پی ٹی اے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے گرد گھیرا تنگ: فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، مردہ مرغیاں اور ناقص اشیاء تلف، بھاری جرمانے عائد!

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ دورانِ پرواز ان جدید سہولیات کے باقاعدہ آغاز سے فضائی مسافروں کو بلاتعطل اور تیز رفتار انٹرنیٹ میسر ہو سکے گا۔

اس سہولت کے ذریعے مسافر دورانِ سفر تمام ڈیجیٹل خدمات، اعلیٰ تفریحی مواد، ذاتی رابطوں کے ساتھ ساتھ اپنے پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سرگرمیاں اور دفتری کام بھی باآسانی انجام دے سکیں گے۔

ادارے کے مطابق اس جامع فریم ورک کی تیاری کا بنیادی مقصد ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنا اور ہوا بازی کے شعبے میں مواصلاتی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔

Scroll to Top