گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور وومن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور مضر صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں مختلف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 1200 کلوگرام مردہ اور بیمار مرغیاں، 180 کلوگرام خراب گوشت اور 85 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ موقع پر ضبط کر کے تلف کر دیا، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد کاروباری مراکز پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کا احوال درج ذیل ہے:
چارسدہ کے علاقوں ہری چند اورشیرپاؤ بازاروں میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف غذائی کاروباروں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انسپکشن کے دوران ایک ہول سیلر کے قبضے سے تقریباً 1200 کلوگرام مردہ اور بیمار مرغیاں برآمد ہوئیں جنہیں انتہائی چالاکی کے ساتھ مارکیٹ میں سپلائی کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مرغیاں ضبط کر کے تلف کیں اور ہول سیلر پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔ اسی طرح حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پائے جانے پر ایک بیکری یونٹ کو بھی جرمانہ کیا گیا۔
پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کریانہ اسٹورز، مارٹس، چکن شاپس، فروخت گاہوں اور سبزی کی دکانوں کی کڑی انسپکشن کی۔
کارروائی کے دوران رنگ روڈ پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا جس کے ذریعے تقریباً 500 کلوگرام چکن شہر کے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جا رہا تھا۔ حفظان صحت کے ضابطوں کی خلاف ورزی پر متعلقہ شخص کو موقع پر جرمانہ کر دیا گیا۔
نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوشہرہ کلاں بازار میں ایک مؤثر کارروائی کے دوران ایک چکن شاپ سے تقریباً 180 کلوگرام خراب اور انسانی استعمال کے لیے مکمل طور پر ناموزوں گوشت برآمد کر کے اسے موقع پر ہی تلف کر دیا جبکہ دکان کے مالک کو بھاری جرمانہ بھی کیا گیا۔
صوابی میں دودھ کی دکانوں اور میٹ شاپس کی اچانک انسپکشن کے دوران جدید موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا استعمال کیا گیا جس کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی موقع پر جانچ کی گئی۔
ایک دکان کے دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر تقریباً 85 لیٹر غیر معیاری دودھ فوری طور پر تلف کر دیا گیا اور متعلقہ دکاندار کو جرمانہ عائد کیا گیا۔
کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خوراک کفایت اللہ نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے سے ملاوٹ مافیا اور عوام کی صحت کے دشمن عناصر کا ہر صورت صفایا یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ زراعت خیبرپختونخوا میں بھونچال! مشیر زراعت آصف رفیق کا ہنگامی اجلاس، غیر ضروری منصوبوں پر تالے لگانے اور فوری آڈٹ کے احکامات جاری!
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور غیر معیاری و مضر صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری سختی سے جاری رہیں گی۔
مشیر خوراک نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو یہ سخت ہدایت بھی جاری کی کہ خوراک کے معیار اور حفظان صحت کے اصولوں پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔





