پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2026-27 کے سیزن کے لیے ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جس کے تحت 8 کھلاڑیوں کو تین مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء اور سعدیہ اقبال کو کیٹیگری اے میں جگہ دی گئی ہے، جبکہ منیبہ علی صدیقی، نشرح سندھو اور سدرہ امین کیٹیگری بی میں برقرار ہیں۔
اسی طرح عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاطمہ ثناء اور سعدیہ اقبال کی مسلسل عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ ترین کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا تعین حالیہ فارم، فٹنس اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ویمن کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک مؤثر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ سے بڑے نام خارج
واضح رہے کہ گزشتہ سال پی سی بی نے 20 خواتین کرکٹرز کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹس دیے تھے، تاہم نئے سیزن میں کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے 8 کردی گئی ہے، جبکہ کیٹیگریز بھی پانچ سے گھٹا کر تین کردی گئی ہیں۔





