ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے ایک انتہائی دلچسپ مقابلے میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
دبئی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب بنگلادیش نے 169 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے توحید ہردوئے نے شاندار 58 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ سیف حسین نے 61 رنز کی جارحانہ باری کھیل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔
کپتان لٹن داس 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ تنزید حسین بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ شمیم حسین نے بھی 14 قیمتی رنز جوڑے۔
سری لنکن باؤلرز کی جانب سے ونیندو ہسارنگا نے دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ بنگلادیشی بلے بازوں کے دباؤ کو مکمل طور پر نہ روک سکے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
دسن شناکا نے 64 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ اوپنر پتھم نسانکا نے 22، کپتان چرتھ اسالنکا نے 21 اور کوشل مینڈس نے 34 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی باؤلنگ میں مستفیض الرحمان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن نے 2 جبکہ تسکین احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔





