وزیراعظم شہباز شریف کا اہم سفارتی مشن، کل صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہوں گے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں سالانہ اجلاس میں وطنِ عزیز کی نمائندگی کریں گے۔

بین الاقوامی پلیٹ فارم پر وزیراعظم نہ صرف عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے بلکہ اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی آواز بلند کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ حکومتی وفد بھی دورے پر روانہ ہوگا۔

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے، علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا جیسے اہم موضوعات پر پاکستان کا ٹھوس اور اصولی مؤقف پیش کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم متعدد اعلیٰ سطحی بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کریں گے جن میں سلامتی کونسل کی اصلاحات، عالمی ترقیاتی اہداف، اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری چین کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے موقع پر اسلامی ممالک کے منتخب رہنما امریکی صدر سے خصوصی ملاقات کریں گے جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل ہوں گے، اس ملاقات میں عالمی و علاقائی امن، سلامتی اور تعاون کے پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی۔

Scroll to Top