امریکی ڈیموکریٹس کا اسرائیل کے جوہری پروگرام پر ابہام ختم کرنے کا مطالبہ

امریکا میں ڈیموکریٹس ارکانِ کانگریس نے اسرائیل کے جوہری پروگرام سے متعلق سرکاری ابہام ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتظامیہ سے اس پالیسی پر وضاحت طلب کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کے 30 ڈیموکریٹ ارکان نے سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف ایک ایسے ملک کی حمایت کر رہا ہے جس کے مبینہ جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر امریکی حکومت واضح مؤقف اختیار کرنے سے گریزاں ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری ابہام کی پالیسی مشرقِ وسطیٰ میں جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی اصولوں کو کمزور کر رہی ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملالہ یوسف زئی سے ویڈیو کال پر فلسطینی بچوں نے تعلیم میں رکاوٹوں کی دردناک کہانی سنا دی

ڈیموکریٹس نے اپنے خط میں مزید کہا کہ کانگریس کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جوہری توازن، ممکنہ تنازعات کے خطرات، انتظامی منصوبہ بندی اور ہنگامی صورتحال سے متعلق مکمل اور واضح معلومات حاصل کرے تاکہ پالیسی سازی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

خط میں یہ بھی زور دیا گیا کہ خطے میں کسی بھی ممکنہ بحران سے بچنے کے لیے امریکا کو اپنی پالیسیوں میں وضاحت اور شفافیت اختیار کرنا ہوگی۔

Scroll to Top