وزیراعلی سہیل آفریدی ڈپریشن کا شکار ،دو بار استعفی لکھ چکے ہیں،اختیار ولی کا دعوی

وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ڈپریشن کا شکار اور دو بار استعفی لکھ چکے ہیں۔

نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی کام نہیں ہو رہا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اندرونی طور پر پی ٹی آئی اور بیرونی طور پر عوامی تنقید کی زد میں ہیں۔

اختیار ولی نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی ان حالات کی وجہ سے انتہائی ڈپریشن کا شکار ہیں اور دو بار تو وہ استعفیٰ بھی لکھ چکے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ صوبے کے عوام بھی ان کی ڈرامے بازی کو سمجھ چکے ہیں،بہتر ہوگا کہ وہ اسمبلی توڑیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں، نئے الیکشن میں تازہ مینڈیٹ آئے جو صوبے کے معاملات کو چلائے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی قلم چھوڑ ہڑتال پر کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے، تب سے صوبہ قلم چھوڑ ہڑتال پر ہے۔ 25 ہزار اسکول ایسے ہیں جہاں پانی اور واش روم کی سہولت نہیں، جانور اور انسان ایک گھاٹ پر پانی پیتے ہیں۔

اختیار ولی نے الزام عائد کہا کہ خیبرپختونخوا میں اگر کوئی کام ہو رہا ہے تو وہ کرپشن ہے۔ یہاں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کرنے والوں کی سرپرستی کی جاتی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ صوبے کا ترقیاتی پیسہ تو پی ٹی آئی کی ریلیوں، جلسوں اور سوشل میڈیا پر لگ رہا ہے۔ 2022 میں خیبر پختونخوا میں 13 ارب سوشل میڈیا انفلوئنسر کیلیے رکھے گئے تھے۔

Scroll to Top