نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے اچھی خبر،این ڈی ایم اے نے بارش کا الرٹ جاری کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موسمیاتی الرٹ کے مطابق خیبرپختونخواکے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے حبس کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورپنجاب کے حوالے سے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارش متوقع ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین اور سبی میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامر، گلگت، گھانچے، استور، خرمنگ اور شگر میں بھی موسم تبدیل ہوگا۔

وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور پونچھ میں بارش کے ساتھ مختلف مقامات پر گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top