کوہستان کرپشن سکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال نے 14 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں سے دستبرداری اختیار کر لی۔
ملزم کو احتساب جج محمد ظفر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ سماعت کے دوران عدالت نے نیب حکام کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت بھی کی۔
عدالت کی جانب سے ملزم سے استفسار کیا گیا کہ آیا وہ کسی دباؤ کے تحت اثاثوں سے دستبردار تو نہیں ہو رہے، جس پر ملزم نے اثاثوں سے دستبرداری کے دستاویزات پر دستخط کر دیے۔
نیب حکام کے مطابق ملزم کے گھر سے ایک کلوگرام سے زائد سونا، 5 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی، 21 ہزار سعودی ریال، 8 ہزار امریکی ڈالر اور 9 ہزار 300 برطانوی پاؤنڈ برآمد کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی گاڑیاں بھی برآمد ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: کروڑوں روپے کی ادویات غیر معیاری قرار، پشاور میں میگا اسکینڈل نے تہلکہ مچا دیا
تحقیقات کے مطابق ملزم کے بیرون ملک مقیم بھائی کے اکاؤنٹ میں ایک ارب روپے منتقل کیے گئے جبکہ مختلف بے نامی داروں کے اکاؤنٹس میں بھی اربوں روپے منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیب کے مطابق ملزم نے بے نامی داروں کے نام پر خریدی گئی جائیدادوں اور دیگر اثاثوں سے بھی دستبرداری اختیار کر لی ہے۔





