وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، گندم بندش اور صوبائی مسائل پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سہیل آفریدی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی جس میں صوبے کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر پیر نور الحق قادری، نامزد صوبائی وزیر عدنان قادری اور آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں گندم کی بندش، سی این جی اسٹیشنز کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے گندم کی بندش کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا، اس موقع پر صوبائی حقوق کے لیے سیاسی قوتوں کے یکجا ہونے کے عمل کو سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی سامنے آؤ، میں تمہاری حکومت کی بدعنوانی کے ثبوت دوں گا،سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم

ملاقات میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ وفاقی حکومت گندم بندش کے خاتمے سے متعلق صوبے کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔

علاوہ ازیں عید کے بعد صوبے کے مقدمات اور حقوق کے حوالے سے ایوان میں موجود سیاسی جماعتوں اور صوبائی قیادت کے مشترکہ کردار پر بھی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top