عید سے قبل کانگو وائرس کا خدشہ، محکمہ صحت نے وارننگ جاری کر دی

عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں تیزی آ گئی ہے جبکہ محکمہ صحت اور ماہرین نے شہریوں کو کانگو وائرس کے ممکنہ خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کانگو بخار ایک خطرناک وبائی مرض ہے جو عموماً جانوروں پر موجود چیچڑوں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے جبکہ متاثرہ جانور کے خون یا گوشت سے براہِ راست رابطہ بھی وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری آگاہی مہم میں بتایا گیا ہے کہ تیز بخار، جسم درد، سر درد، الٹی، ناک یا مسوڑھوں سے خون آنا کانگو بخار کی اہم علامات ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور خریدتے اور گھروں میں رکھتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ جانوروں کو ہاتھ لگاتے وقت دستانے استعمال کیے جائیں، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور جانوروں پر چیچڑ مار اسپرے کیا جائے۔

ڈاکٹروں کے مطابق عیدالاضحیٰ سے قبل ملک بھر میں مویشیوں کی بڑے پیمانے پر نقل و حمل کے باعث ہر سال کانگو وائرس کے کیسز میں اضافے کا خدشہ رہتا ہے، خصوصاً مویشی منڈیوں، قصابوں، بیوپاریوں اور جانور پالنے والوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موت کا وائرس بے قابو، کانگو میں ایبولا نے تباہی مچا دی

ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو مویشیوں سے دور رکھا جائے جبکہ بخار یا خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کیا جائے۔

Scroll to Top