بینک صارفین ہوشیار: آن لائن سروسز اور اوقات کار سے متعلق اہم خبر آگئی

عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کمرشل بینکوں کے اوقات کار میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ شہری سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی اوور دی کاؤنٹر (OTC) ادائیگی بروقت اور آسانی سے انجام دے سکیں۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں کمرشل بینکوں کی تمام متعلقہ شاخیں جمعہ 29 مئی 2026ء کو شام 5 بج کر 30 منٹ تک کھلی رہیں گی، تاکہ ٹیکس دہندگان اپنی ادائیگیاں مقررہ وقت میں جمع کرا سکیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وہ تمام بینک شاخیں جو ہفتہ کے روز معمول کے مطابق کام کرتی ہیں، وہ 30 مئی 2026ء کو صبح 9 بجے سے شام 5 بج کر 30 منٹ تک خدمات انجام دیں گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ برانچز اُس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نیشنل انسٹی ٹیوشنل فسیلیٹیشن ٹیکنالوجیز (نِفٹ) کو سرکاری لین دین کے لیے خصوصی کلیئرنگ میں سہولت درکار ہو۔

یہ بھی پڑھیں : قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی، رضوان کو ہٹانے کی اصل وجہ سامنے آگئی

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بینک آن لائن ادائیگی کے تمام ذرائع کو فعال رکھیں گے تاکہ شہری انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشنز، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بغیر کسی تعطل کے سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی جاری رکھ سکیں۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عیدالاضحیٰ سے قبل ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور ادائیگیوں کے عمل کو موثر بنانا ہے۔

Scroll to Top