شیراز احمد شیرازی
سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والے ایک لاکھ 19 ہزار حاجیوں کی وطن واپسی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کی تمام تر تفصیلات پختون ڈیجیٹل نے حاصل کر لی ہیں۔
حاجیوں کی اپنے پیاروں کے پاس واپسی کے لیے سعودی عرب سے فضائی آپریشن کا باقاعدہ آغاز 31 مئی کی شب جدہ سے ہوگا اور پہلی پرواز 391 حاجیوں کو لے کر یکم جون کی صبح سیالکوٹ پہنچے گی۔ حج آپریشن کے پہلے ہی روز مجموعی طور پر 5 ہزار 237 حاجی وطن واپس پہنچیں گے جس کے لیے یکم جون کو 22 پروازیں جبکہ 2 جون کو 23 پروازیں حاجیوں کو لے کر پاکستان لینڈ کریں گی۔
حج آپریشن کے پہلے روز ملک کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے جس کے مطابق پہلے دن پانچ پروازیں حاجیوں کو لے کر اسلام آباد آئیں گی جبکہ کراچی اور لاہور کے لیے چار چار پروازیں حاجیوں کو واپس لائیں گی۔ اس کے علاوہ ملتان اور سیالکوٹ کے لیے تین تین، فیصل آباد کے لیے دو اور کوئٹہ کے لیے ایک پرواز پہلے روز پاکستان پہنچے گی۔
حاجیوں کو مدینہ منورہ اور جدہ سے پاکستان لانے کا یہ فضائی آپریشن پورے ایک ماہ تک جاری رہے گا جس میں پاکستان کی سرکاری، نجی اور سعودی ایئر لائنز کی مجموعی طور پر 471 پروازیں حصہ لیں گی اور یہ حج آپریشن 30 جون کو آخری پرواز لاہور پہنچنے پر مکمل ہو جائے گا۔





